کراچی اور لاہور میں امریکی قونصل خانوں کے باہر احتجاجی مظاہرے
کراچی میں مظاہرین کی بڑی تعداد امریکی قونصل خانے کے اطراف جمع ہوئی
لاہور اور کراچی میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی شہادت کی خبر سامنے آنے کے بعد امریکی قونصل خانوں کے باہر احتجاجی مظاہرے کیے جارہے ہیں۔
لاہور میں مظاہرین نے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا اور امریکی قونصل خانے کی جانب بڑھنے کی کوشش کی، تاہم پولیس نے انہیں قونصلیٹ کے قریب جانے سے روک دیا، جس کے بعد مظاہرین نے پریس کلب کے باہر دھرنا دے دیا۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ قونصلیٹ کے اطراف موجود افراد پرامن ہیں اور انتظامیہ سے تعاون کر رہے ہیں جبکہ مختلف جماعتوں کی جانب سے الگ الگ احتجاج کیے جا رہے ہیں جن کے لیے سیکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔
دوسری جانب کراچی میں بھی مظاہرین کی بڑی تعداد امریکی قونصل خانے کے اطراف جمع ہوئی۔ آزاد خان، ایڈیشنل آئی جی کراچی، موقع پر پہنچے اور پولیس نے مظاہرین کو پیچھے ہٹا دیا۔
ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث سلطان آباد سے مائی کولاچی تک دونوں اطراف کی سڑکیں بند کر دی گئی ہیں جبکہ جناح برج سے آنے والی ٹریفک کو آئی آئی چندریگر روڈ کی جانب موڑا جا رہا ہے۔
علاوہ ازیں پی آئی ڈی سی سے آنے والی گاڑیوں کو پارک کٹ سے واپس بھیجا جارہا ہے، جس کے باعث شہر میں ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہورہی ہے۔