Posted in

حج کے مبارک سفر کا شیڈول جاری، پہلی پرواز کی تاریخ سامنے آ گئی

حج کے مبارک سفر کا شیڈول جاری، پہلی پرواز کی تاریخ سامنے آ گئی

عازمین حج کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں اور شیڈول سے باقاعدہ آگاہ کر دیا جائے گا

عازمینِ حج کے لیے اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے، پاکستان سے حج پروازوں کا باضابطہ شیڈول جاری کر دیا گیا۔ ذرائع وزارت مذہبی امور کے مطابق پہلی حج پرواز 18 اپریل کو روانہ ہوگی، جس کے ساتھ ہی حج آپریشن کا باقاعدہ آغاز ہو جائے گا۔

حکام کا کہنا ہے کہ سرکاری حج اسکیم کے تحت مجموعی طور پر 468 پروازوں کے ذریعے ایک لاکھ 19 ہزار عازمین کو مدینہ منورہ اور مکہ مکرمہ پہنچایا جائے گا۔

ان میں 67 ہزار 230 مرد اور 51 ہزار 846 خواتین عازمین شامل ہیں۔ ابتدائی مرحلے میں عازمین کو مدینہ منورہ منتقل کیا جائے گا اور پہلے 15 روز تک پروازیں مدینہ کے لیے روانہ ہوتی رہیں گی۔

18 اپریل کو کراچی، لاہور، سیالکوٹ اور ملتان سے حج پروازیں روانہ ہوں گی جبکہ حج آپریشن کے پہلے روز چار پروازوں کے ذریعے عازمین کو مدینہ منورہ پہنچایا جائے گا۔

جدہ کے لیے حج پروازوں کا آغاز 4 مئی سے کیا جائے گا جبکہ پاکستان سے آخری حج پرواز 21 مئی کو روانہ ہوگی۔ مجموعی طور پر یہ آپریشن 34 روز تک جاری رہے گا۔ مدینہ منورہ کے لیے 186 اور جدہ کے لیے 282 پروازیں چلائی جائیں گی۔

حج آپریشن میں پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز، ایئر بلو، ایئر سیال اور سعودیہ حصہ لے رہی ہیں تاکہ عازمین کو بروقت اور محفوظ انداز میں سعودی عرب پہنچایا جا سکے۔

پاکستان کے آٹھ شہروں سے حج پروازیں چلائی جائیں گی۔ اسلام آباد سے 129، کراچی سے 124 اور لاہور سے 104 پروازیں روانہ ہوں گی۔

اسی طرح کوئٹہ سے 18، ملتان سے 34، سیالکوٹ سے 26، فیصل آباد سے 23 اور سکھر سے 5 حج پروازیں عازمین کو حجاز مقدس لے جائیں گی۔

ذرائع کے مطابق عازمین حج کو آئندہ ہفتے ان کی متعلقہ پروازوں اور شیڈول سے باقاعدہ آگاہ کر دیا جائے گا تاکہ وہ اپنی تیاری مکمل کر سکیں۔

Leave a Reply