Posted in

کراچی؛ گل پلازہ میں آتشزدگی، 3 افراد جاں بحق

کراچی؛ گل پلازہ میں آتشزدگی، 3 افراد جاں بحق

آگ بہت زیادہ ہے اور کنٹرول کرنے میں وقت لگے گا، چیف فائر آفیسر

کراچی: شہر قائد کے علاقے صدر میں واقع گل پلازہ میں آگ لگنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔

گل پلازہ میں شدید آتشزدگی کے باعث ریسکیو حکام اور فائربریگیڈ کے اہلکاروں نے فوری طور پر آپریشن شروع کردیا ہے جب کہ آگ کو تیسرے درجے کی قرار دیا گیا ہے۔

فائر بریگیڈ کی 16 سے زائد گاڑیاں اور 2 اسنارکل آگ پر قابو پانے کی کوشش کررہی ہیں، دم گھٹنے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے جب کہ 10 سے زائد افراد زیر علاج ہیں جن میں سے کئی کی حالت تشویش ناک بتائی جارہی ہے۔

چیف فائر آفیسر ہمایوں خان نے بتایا کہ آگ بہت زیادہ ہے اور کنٹرول کرنے میں وقت لگے گا۔ اس دوران فائر بریگیڈ اور ریسکیو 1122 نے واٹر کارپوریشن سے فوری مدد طلب کرلی ہے۔ سی ای او احمد علی صدیقی کی ہدایت پر نیپا اور صفورہ ہائیڈرنٹس پر ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق واٹر کارپوریشن نے فوری طور پر واٹر ٹینکرز جائے وقوعہ پر روانہ کردیے ہیں تاکہ آگ بجھانے کے عمل میں بلا تعطل پانی کی فراہمی یقینی بنائی جاسکے۔ انچارج ہائیڈرنٹس سیل محمد صدیق تنیو فائر بریگیڈ اور ریسکیو حکام سے مسلسل رابطے میں ہیں۔

فوکل پرسن سی ای او برائے ہائیڈرنٹس سیل شہباز بشیر خود آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں اور فائر بریگیڈ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون جاری ہے۔ واٹر ٹینکرز کی فراہمی اس وقت تک جاری رہے گی جب تک آتشزدگی پر مکمل قابو نہ پالیا جائے۔

ترجمان نے شہریوں کو یقین دہانی کرائی کہ ان کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں اور ریسکیو ادارے مسلسل آپریشن میں مصروف ہیں۔

Leave a Reply