نئی فرنچائزز کی شمولیت: پی ایس ایل پاکستان کرکٹ کی شہہ رگ بن گئی
چند روز قبل ہونے والی نیلامی میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی دو نئی فرنچائزز نے پی ایس ایل میں جنم لیا
اسلام آباد: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) نے مالی اعتبار سے ایک نیا سنگِ میل عبور کر لیا ہے، جس نے لیگ کو پاکستان کرکٹ کی مالی شہ رگ بنا دیا ہے۔
چند روز قبل ہونے والی نیلامی میں حیدرآباد اور سیالکوٹ کی دو نئی فرنچائزز نے پی ایس ایل میں جنم لیا۔
یہ دونوں ٹیمیں مجموعی طور پر سالانہ 3.6 ارب روپے کی ریکارڈ بولی میں فروخت ہو گئیں، جو موجودہ تمام ٹیموں کی مجموعی سالانہ فیس سے بھی زیادہ ہے۔
پی ایس ایل کے چیف ایگزیکٹو سلمان نصیر نے نیلامی کے دوران واضح کیا کہ یہ رقم ایک بار کی ادائیگی نہیں بلکہ سالانہ فیس ہے۔
ان کے مطابق صرف ان دو نئی ٹیموں سے اگلے دس برسوں میں پی سی بی کو 36 ارب روپے کی آمدن کی ضمانت مل گئی ہے، جس نے لیگ کو پاکستان کرکٹ کی مالی شہ رگ بنا دیا ہے۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل کو 10 سال مکمل، پاکستان کرکٹ کی کامیابی ویڈیو کی صورت میں وائرل
اعداد و شمار کے مطابق نئی فرنچائزز کی مالیت نے تمام اندازوں کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، موجودہ ٹیموں میں سب سے مہنگی لاہور قلندرز سالانہ 67 کروڑ روپے ادا کرتی ہیں، جبکہ لاہور، کراچی، پشاور، اسلام آباد اور کوئٹہ کی مجموعی سالانہ فیس 2.62 ارب روپے بنتی ہے، جو نئی دو ٹیموں کی فیس سے تقریباً ایک تہائی کم ہے۔
اسلام آباد کنونشن سینٹر میں ہونے والی نیلامی کو پی سی بی نے ایک شاندار تقریب میں تبدیل کر دیا۔
ریڈ کارپٹ، ٹرافی کی نمائش اور لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے اس انتظامی عمل کو ایک بڑے ایونٹ کی شکل دی گئی، جس نے شائقین اور سرمایہ کاروں کی غیر معمولی توجہ حاصل کی۔
نیلامی میں اوورسیز پاکستانی سرمایہ کار نمایاں رہے۔ امریکا میں قائم ایوی ایشن اور ہیلتھ کیئر گروپ ایف کے ایس نے ایک ٹیم حاصل کی۔
آسٹریلوی رئیل اسٹیٹ کنسورشیم او زی ڈویلپرز نے 1.85 ارب روپے کی بولی کے ساتھ سیالکوٹ فرنچائز اپنے نام کر لی، جو پی ایس ایل کی تاریخ کی سب سے مہنگی ٹیم بن گئی۔
اگرچہ اتنی بڑی سرمایہ کاری کے بعد فرنچائزز کی مالی پائیداری پر سوالات بھی اٹھ رہے ہیں، ماضی میں ملتان سلطانز کے مالکان کی علیحدگی اس کی مثال ہے، تاہم اس وقت پی سی بی اور نئے مالکان پرجوش دکھائی دیتے ہیں۔
چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے ان بلند بولیوں کو پی ایس ایل کی کامیابی اور عالمی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں اس کے مضبوط مقام کا ثبوت قرار دیا۔
کامیاب نیلامی سے پی ایس ایل نے اپنی قدر کا نیا معیار قائم کر دیا ہے، جو کبھی محض ایک خواب سمجھا جاتا تھا، مگر اب حقیقت بن چکا ہے۔