ایلون مسک کی ایکس AI نے 20 ارب ڈالر کی فنڈنگ حاصل کر لی
فنڈنگ کے اعلان کے ساتھ ہی کمپنی کے چیٹ بوٹ Grok پر تنقید بھی عروج پر ہے
واشنگٹن: ایلون مسک کی مصنوعی ذہانت کی کمپنی ایکس AI نے باضابطہ اعلان کیا ہے کہ اس نے اپنی حالیہ فنڈنگ راؤنڈ میں 20 ارب ڈالر حاصل کر لیے ہیں۔
اس راؤنڈ میں بڑے سرمایہ کار شامل تھے، جن میں Nvidia، Fidelity، قطر کی خودمختار دولت فنڈ، اور Valor Equity Partners شامل تھے۔
حاصل کی گئی یہ فنڈنگ ابتدائی ہدف 15 ارب ڈالر سے کہیں زیادہ ہے، تاہم، فنڈنگ کے اعلان کے ساتھ ہی کمپنی کے چیٹ بوٹ Grok پر تنقید بھی عروج پر ہے۔
Grok پر الزام ہے کہ اس نے خواتین اور نابالغ لڑکیوں کی جنسی نوعیت کی غیررضاکارانہ تصاویر تیار کیں۔
رپورٹس کے مطابق کچھ تصاویر میں 10 سے 12 سال کی بچیوں کو غیر قانونی اور جنسی نوعیت کی حالت میں دکھایا گیا۔
متاثرہ افراد میں مسک کے بچوں کی ایک سابقہ والدہ بھی شامل ہیں، جنہوں نے کہا کہ یہ تجربہ نہایت ہراس انگیز اور تکلیف دہ تھا۔
ایکسAI نے Grok کی حفاظتی خامیوں کا اعتراف کرتے ہوئے معذرت کی، لیکن تنازع کے بعد بھی جنسی نوعیت کی تصاویر بننا جاری رہیں۔
فرانس اور برطانیہ میں حکام نے Grok کی تخلیقات کو قانونی اور ریگولیٹری سطح پر چیک کرنے کے لیے اقدامات کیے ہیں، جبکہ یورپی یونین کی Digital Services Act کے تحت تحقیقات کی گئی ہیں۔
ای کمپنی نے فنڈنگ کے اعلان میں کہا کہ یہ سرمایہ کاری Grok کی AI صلاحیتوں کو بڑھانے اور میمفس، ٹینیسی میں بڑے ڈیٹا سینٹرز کی تعمیر کے لیے استعمال ہوگی، اور اس کا مرکزی مقصد “کائنات کو سمجھنا” ہے۔
سابقہ تنازعات کے باوجود ایکسAI نے امریکی حکومتی معاہدے بھی حاصل کیے ہیں، جن میں پینٹاگون کے ساتھ تقریباً 200 ملین ڈالر کا معاہدہ شامل ہے۔
یہ معاملہ عالمی سطح پر AI کی اخلاقیات، بچوں کی حفاظت اور ڈیجیٹل سیکیورٹی کے حوالے سے شدید بحث کا باعث بنا ہوا ہے۔