Posted in

ملکی معیشت کے لیے خوشخبری، بلوچستان میں بیلاروس کے اشتراک سے ٹریکٹر اسمبلی پلانٹ قائم ہوگا

پاکستان کی صنعتی ترقی اور زراعت کے شعبے میں ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں بیلاروس کی معروف کمپنی کے ساتھ معاہدے کے تحت صوبہ بلوچستان میں ٹریکٹر اسمبلی پلانٹ قائم کیا جائے گا۔

یہ منصوبہ مقامی پیداوار، روزگار کے مواقع اور ٹیکنالوجی کے تبادلے کے حوالے سے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔

ٹھٹھہ سیمنٹ کمپنی لمیٹڈ کی ذیلی کمپنی منسک ورک ٹریکٹر اینڈ اسمبلی (MWTA) نے بیلاروس کی معروف کمپنی OJSC Minsk Tractor Works کے ساتھ باقاعدہ صنعتی معاہدہ کر لیا ہے، جس کی اطلاع پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو خط کے ذریعے دی گئی ہے۔

معاہدے کے تحت MWTA کو صوبہ بلوچستان میں “BELARUS” برانڈ کے ٹریکٹرز کی اسمبلی اور مقامی سطح پر پیداوار کے خصوصی حقوق حاصل ہو گئے ہیں۔

اس کا مقصد نہ صرف ملکی زرعی شعبے کو جدید آلات فراہم کرنا ہے بلکہ مقامی صنعت کو فروغ دینا اور بیروزگاری میں کمی لانا بھی ہے۔

یہ منصوبہ بلوچستان جیسے اہم اور پس ماندہ صوبے میں صنعتی سرمایہ کاری کے دروازے کھولے گا، جہاں پہلے سے موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے معیشت کو مضبوط کیا جا سکے گا۔

ماہرین کے مطابق اس نوعیت کی سرمایہ کاری ملکی زرعی میکانائزیشن، ایکسپورٹ کی استعداد، اور مقامی ہنر مندی کی ترقی میں مثبت کردار ادا کرے گی۔

Leave a Reply