بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کے کارگو حصے میں آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں تمام پروازیں معطل کر دی گئیں۔
مقامی اخبار دی ڈیلی اسٹار کی رپورٹ میں فائر سروس اینڈ سول ڈیفنس میڈیا سیل کے افسر طلحہ کے حوالے سے بتایا گیا کہ 36 فائر فائٹنگ یونٹس آگ بجھانے کے عمل میں مصروف ہیں۔
ایئرپورٹ کے ترجمان کے حوالے سے رپورٹ کیا گیا کہ تمام طیارے محفوظ ہیں، جیسے ہی کوئی پیش رفت آئے گی، مزید معلومات فراہم کی جائیں گی۔
ادھر، غیر ملکی خبر رساں ادارہ ’رائٹرز‘ فوری طور پر رپورٹ کی تصدیق نہیں کر سکا، ایئرپورٹ انتظامیہ نے بھی فی الحال تبصرے کی درخواست کا جواب نہیں دیا۔
دی ڈیلی اسٹار نے فائر سروس کے ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ آگ دوپہر تقریباً ڈھائی بجے (پاکستانی وقت ڈیڑھ بجے) ایئرپورٹ کے گیٹ نمبر 8 کے قریب کارگو حصے میں لگی۔
“دریں اثنا، بنگلہ دیش کے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق بنگلہ دیش سول ایوی ایشن اتھارٹی، فائر سروس، نیوی، اور بنگلہ دیش ایئر فورس کے دو یونٹس آگ بجھانے میں مصروف ہیں، رپورٹ میں بتایا گیا کہ بارڈر گارڈ بنگلہ دیش کی دو پلٹونیں بھی آگ بجھانے کے عمل میں شریک ہیں۔
ڈھاکا ایئرپورٹ کے ذرائع نے بتایا کہ کم از کم پانچ پروازوں کو ڈھاکا کے بجائے چٹاگانگ کے شاہ امانت بین الاقوامی ہوائی اڈے اور سلہٹ کے عثمانی بین الاقوامی ہوائی اڈے کی طرف موڑ دیا گیا۔
شاہ امانت بین الاقوامی ہوائی اڈے کے پبلک ریلیشنز افسر محمد ابراہیم خلیل کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ ڈھاکا کے حضرت شاہ جلال بین الاقوامی ہوائی اڈے کی فضائی حد شام 6 بجے تک بند رہے گی۔
بندش کے باعث امریکا۔بنگلہ ایئرلائنز کی دو اور بنگلہ دیش ایئرلائنز کی دو پروازوں کو شاہ امانت ایئرپورٹ کی طرف موڑ دیا گیا، ڈیلی اسٹار نے رپورٹ کیا کہ تازہ ترین تبدیلیوں کے بعد، کل آٹھ ملکی و بین الاقوامی پروازیں شاہ امانت ایئرپورٹ پر اتریں۔
اخبار نے مزید بتایا کہ حکام کے مطابق حالات معمول پر آنے کے بعد ان پروازوں کو دوبارہ ڈھاکا روانہ کر دیا جائے گا، جبکہ پروازوں کی بندش کے باعث حضرت شاہ جلال ایئرپورٹ پر روانگی کے مسافر انتظار میں ہیں۔
