خاران میں سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی؛ 12 بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد ہلاک
دہشتگردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن میں یرغمال بنانے کی سازش کو بھی کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا
خاران شہر، ضلع خاران میں بھارت کے حمایت یافتہ دہشتگرد گروہ فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 15 سے 20 دہشتگردوں نے گزشتہ روز متعدد دہشتگردانہ کارروائیاں کیں۔
دہشتگردوں نے سٹی پولیس اسٹیشن، نیشنل بینک آف پاکستان اور حبیب بینک لمیٹڈ پر حملے کیے، جس کے دوران بینکوں سے 34 لاکھ روپے لوٹ لیے گئے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے فوری اور مؤثر ردعمل دیتے ہوئے دہشتگردوں کو پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔
بعد ازاں کلیئرنس آپریشن کے دوران تین مختلف جھڑپوں میں 12 دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا گیا۔ دہشتگردوں کی جانب سے پولیس اسٹیشن میں یرغمال بنانے کی سازش کو بھی کامیابی سے ناکام بنا دیا گیا۔
علاقے اور اطراف میں سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی باقی ماندہ بھارتی اسپانسرڈ دہشتگرد کو ختم کیا جا سکے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق قومی ایکشن پلان کے تحت وفاقی ایپکس کمیٹی کی منظوری سے شروع کیے گئے وژن “عزمِ استحکام” کے تحت سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بلا تعطل انسدادِ دہشتگردی مہم پوری رفتار سے جاری رہے گی، تاکہ ملک سے غیر ملکی سرپرستی میں ہونے والی دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔