کراچی: ملک کے مجموعی زرمبادلہ ذخائر میں گزشتہ ہفتے 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی کمی ریکارڈ کی گئی ہے تاہم اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے ذخائر میں معمولی اضافہ ہوا ہے جبکہ کمرشل بینکوں کے ذخائر میں کمی سامنے آئی ہے۔
اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ملکی زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر میں ایک ہفتے کے دوران 2 کروڑ 40 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی جس کے بعد ذخائر کا مجموعی حجم 19 ارب 66 کروڑ 36 لاکھ ڈالر رہ گیا۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق مرکزی بینک کے زرمبادلہ ذخائر میں3 کروڑ 12 لاکھ ڈالر کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس سے سرکاری ذخائر بڑھ کر 14 ارب 50 کروڑ 28 لاکھ ڈالر تک جاپہنچے۔
دوسری جانب کمرشل بینکوں کے ذخائر میں 5 کروڑ 52 لاکھ ڈالر کی نمایاں کمی ہوئی جس کے بعد نجی بینکوں کے پاس موجود زرمبادلہ ذخائر گھٹ کر 5 ارب 16 کروڑ 8 لاکھ ڈالر رہ گئے۔
