بارشوں اور ژالہ باری کا امکان، پی ڈی ایم اے پنجاب کا الرٹ جاری
وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے، پی ڈی ایم اے پنجاب
لاہور: پی ڈی ایم اے پنجاب نے صوبے بھر میں بارشوں اور چند مقامات پر ژالہ باری کے حوالے سے الرٹ جاری کردیا ہے۔
ترجمان پی ڈی ایم اے پنجاب کے مطابق 16 سے 18 اپریل تک پنجاب کے بیشتر اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، جہلم، چکوال، تلہ گنگ اور گجرانوالہ میں بارش متوقع ہے۔
پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ حافظ آباد، وزیر آباد، سرگودھا، میانوالی، شیخوپورہ، گجرات، خوشاب اور منڈی بہاؤالدین میں بھی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ لاہور، سیالکوٹ، نارووال، فیصل آباد، جھنگ، چنیوٹ، بھکر، لیہ، راجن پور، نورپور تھل اور ڈیرہ غازی خان سمیت گردونواح میں بھی بارش ہوسکتی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر صوبے بھر کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔
پی ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ آسمانی بجلی سے بچنے کے لیے محفوظ مقامات پر رہیں اور گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر ہرگز نہ جائیں۔
کسانوں سے کہا گیا ہے کہ وہ موسمی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے تمام ضروری پیشگی اقدامات کریں۔
سیاحوں کو بھی مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ شمالی علاقوں کے سفر میں احتیاطی تدابیر اختیار کریں جب کہ ایمرجنسی کی صورت میں پی ڈی ایم اے کی ہیلپ لائن 1129 پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔