Posted in

125 سالہ تاریخ بدل گئی؛ آسٹریلوی فوج کی کمان خاتون کے سپرد

125 سالہ تاریخ بدل گئی؛ آسٹریلوی فوج کی کمان خاتون کے سپرد

آسٹریلوی حکومت کی جانب سے دفاعی قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا

آسٹریلیا کی 125 سالہ عسکری تاریخ میں پہلی بار فوج کی قیادت ایک خاتون کے سپرد کر دی گئی ہے جسے دفاعی شعبے میں ایک اہم اور تاریخی پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق آسٹریلوی حکومت کی جانب سے دفاعی قیادت میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا اعلان کیا گیا ہے جس کے تحت لیفٹیننٹ جنرل سوسن کوائل کو آرمی چیف مقرر کیا گیا ہے۔

سوسن کوائل رواں سال جولائی میں لیفٹیننٹ جنرل سائمن سٹوارٹ کی جگہ یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گی، اس وقت یہ جوائنٹ کیپبلٹیز کی سربراہ کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں۔

وزیراعظم انتھونی البانیز نے اس تقرری کو ایک سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا کہ آسٹریلوی فوج کو پہلی مرتبہ ایک خاتون سربراہ ملنے جارہی ہے جو دفاعی نظام میں ایک نئی روایت قائم کرے گی۔

وزیر دفاع ریچرڈ مارلس نے بھی اس فیصلے کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ سوسن کوائل کی کامیابی خواتین کے لیے ایک مضبوط پیغام ہے۔

انہوں نے سوسن کے الفاظ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اگر آپ کسی چیز کو دیکھ نہیں سکتے تو آپ اس کا حصہ بننے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ یہ تقرری نہ صرف موجودہ خواتین اہلکاروں کے لیے باعثِ حوصلہ ہے بلکہ ان خواتین کے لیے بھی ایک تحریک ہے جو مستقبل میں فوج میں شمولیت اختیار کرنا چاہتی ہیں۔

یاد رہے کہ 55 سالہ سوسن کوائل نے 1987 میں فوج میں شمولیت اختیار کی اور اپنے طویل کیریئر کے دوران مختلف اہم کمانڈ عہدوں پر خدمات انجام دیں۔

سوسن کوائل آسٹریلیا کی تاریخ میں فوج کی کسی بھی شاخ کی قیادت سنبھالنے والی پہلی خاتون بنیں گی۔

Leave a Reply