اداکاری اور ماڈلنگ چھوڑ کر برطانوی شہزادے ہیری سے شادی کے بندھن میں بندھنے والی امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی جلد اسکرین پر واپسی کا امکان ہے۔
خبریں ہیں کہ میگھن مارکل ایک بار پھر اداکاری کی دنیا میں واپسی کرنے جا رہی ہیں، جو ان کی 2017 میں سیریز ’سوٹس‘ چھوڑنے کے بعد پہلی اداکاری ہوگی۔
امریکی شوبز ویب سائٹ ’ڈیڈ لائن‘ کے مطابق ڈچز آف سسیکس نے ایمیزون ایم جی ایم اسٹوڈیوز کی نئی فلم ‘کلوز پرسنل فرینڈز’ میں ایک کردار کے لیے رضامندی ظاہر کی ہے اور وہ جلد ہی مذکورہ فلم میں نظر آئیں گی۔
رپورٹ کے مطابق اگرچہ اسٹوڈیو نے اس خبر کی تصدیق نہیں کی، تاہم امریکی میڈیا کی کئی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ میگھن کو پاساڈینا میں فلم کے سیٹ پر دیکھا گیا۔
فلم کے حوالے سے تفصیلات فی الحال خفیہ رکھی گئی ہیں لیکن ذرائع کا کہنا ہے کہ میگھن مارکل ممکنہ طور پر فلم میں اپنی ہی شخصیت سے ملتا جلتا کردار ادا کر رہی ہیں۔
فلم میں بری لارسن، للی کولنز، جیک کوائیڈ اور ہنری گولڈنگ جیسے معروف فنکار بھی شامل ہیں۔
میگھن مارکل نے ’سوٹس‘ کے سات سیزنز میں کام کرنے کے بعد نومبر 2017 میں اداکاری چھوڑنے کا اعلان کیا تھا۔
کچھ ہی عرصے بعد انہوں نے 2018 میں برطانوی شہزادے ہیری سے شادی کی اور شاہی خاندان کا حصہ بن گئیں، بعد ازاں 2020 میں جوڑے نے شاہی فرائض سے علیحدگی اختیار کی تھی۔
شاہی ذمہ داریوں سے دستبرداری کے بعد میگھن مارکل نے اپنے شوہر کے ساتھ ’آرچویل‘ نامی میڈیا کمپنی قائم کی، جس کے تحت انہوں نے متعدد منصوبوں پر کام کیا۔
ان کا آخری آن اسکرین منصوبہ نیٹ فلیکس کی کوکنگ اور لائف اسٹائل سیریز ’وِد لو، میگھن‘ تھی، جس کے پہلے سیزن کو ناظرین کی جانب سے مثبت ردعمل ملا، تاہم دوسرا سیزن زیادہ کامیاب ثابت نہ ہو سکا۔
میگھن کی اداکاری میں ممکنہ طور پر واپسی کی خبریں کئی بار سامنے آ چکی ہیں، 2019 میں ’سوٹس‘ کے خالق آرون کورش نے انکشاف کیا تھا کہ انہوں نے شو کے آخری سیزن کے لیے میگھن کو دوبارہ شامل کرنے پر غور کیا تھا لیکن احتراماً ایسا کرنے سے گریز کیا۔
فلم ’کلوز پرسنل فرینڈز‘ کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان تاحال نہیں کیا گیا، تاہم امکان ہے کہ آئندہ چند ماہ میں اس ضمن میں مزید معلومات سامنے آئے گی۔
