چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی (سی جے سی ایس سی) جنرل ساحر شمشاد مرزا، نشانِ امتیاز (ملٹری) نے برونائی دارالسلام کے سرکاری دورے کے دوران سلطان اور یانگ ڈی پرتوان برونائی دارالسلام، سلطان حاجی حسن البلکیہ معزز الدین وعداللہ ابن المرحوم سلطان حاجی عمر علی سیف الدین سعد الخیری وعدین سے ملاقات کی۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطبق چیئرمین جوائنٹ چیفس نے میجر جنرل (ریٹائرڈ) یانگ برہورمت پیہن داتو لیلاراجا، وزیرِاعظم کے دفتر کے وزیر اور وزیر دفاع-II داتو پدوکا سری آونگ حاجی حل بی بن حاجی محمد یوسف اور کمانڈر رائل برونائی آرمڈ فورسز میجر جنرل داتو پدوکا سری حاجی محمد ہزائمی بن بول حسن سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں بھی کیں۔
اس کے علاوہ، چیئرمین جوائنٹ چیفس نے مُوآرا نیول بیس پر موجود کے ڈی بی دارالامان اور ڈیفنس اکیڈمی رائل برونائی آرمڈ فورسز کا بھی دورہ کیا، جہاں انہوں نے ’علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات‘ کے موضوع پر خطاب کیا اور کمانڈ اینڈ اسٹاف کورس کے شرکا سے تبادلہ خیال کیا، شرکا میں 19 غیر ملکی ممالک کے افسران بھی شامل تھے۔
ملاقاتوں کے دوران دونوں ممالک کے نمائندوں نے عالمی اور علاقائی سلامتی کی بدلتی ہوئی صورتِ حال پر تبادلہ خیال کیا، جنرل ساحر شمشاد نے برونائی دارالسلام کے ساتھ دفاعی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار بھی کیا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس نے برونائی دارالسلام کے ساتھ پاکستان کے برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا اور کہا کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی اور عسکری تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہیں۔
سلطان معظم اور برونائی دارالسلام کی سول و عسکری قیادت نے پاکستانی مسلح افواج کے اعلیٰ پیشہ ورانہ معیار، کارناموں اور دہشت گردی کے خلاف قربانیوں کو سراہا۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس کے رائل برونائی آرمڈ فورسز ہیڈکوارٹر پہنچنے پر ایک تربیت یافتہ فوجی دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔
