Posted in

نوکری کا جھانسہ دیکر اجتماعی زیادتی کے بعد گردہ نکالنے کا انکشاف۔۔؟

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک) صوبائی دارالحکومت کے علاقے چوہنگ میں ایک نہایت افسوسناک اور لرزہ خیز واقعہ سامنے آیا ہے جہاں مبینہ طور پر نوکری کا جھانسہ دے کر ایک خاتون کو اغوا کیا گیا، اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور بعد ازاں اس کا گردہ نکالنے کا انکشاف ہوا ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے پنجاب ویمن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن حنا پرویز بٹ نے ڈی آئی جی آپریشنز لاہور سے فوری رپورٹ طلب کر لی ہے اور ہدایت جاری کی ہے کہ اس سنگین جرم میں ملوث تمام افراد کو بلا تاخیر گرفتار کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ خواتین کے خلاف جرائم کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے اور متاثرہ خاتون کو ہر ممکن قانونی اور طبی معاونت فراہم کی جائے گی۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزمان نے خاتون کو ملازمت کا لالچ دے کر اپنے جال میں پھنسایا اور اسے اغوا کر کے راولپنڈی منتقل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق خاتون کو ایک گھر میں قید رکھا گیا جہاں اسے مبینہ طور پر اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ بعد ازاں جب خاتون کی حالت غیر ہوئی تو اسے طبی معائنے کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔
میڈیکل رپورٹ میں انکشاف ہوا کہ خاتون کے جسم کے بائیں جانب کا گردہ موجود نہیں ہے، جس کے بعد معاملہ مزید سنگین نوعیت اختیار کر گیا۔ پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مختلف پہلوؤں سے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں اور مشتبہ افراد کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
حکام کے مطابق متاثرہ خاتون کے بیان کی روشنی میں مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی عمل میں لائی جا رہی ہے۔ انسانی حقوق کے حلقوں نے بھی واقعے پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے ملزمان کو قرار واقعی سزا دینے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ آئندہ ایسے اندوہناک واقعات کی روک تھام ممکن بنائی جا سکے۔

Leave a Reply