Posted in

سانحہ گل پلازہ، آگ کیوں بے قابو ہوئی، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

سانحہ گل پلازہ، آگ کیوں بے قابو ہوئی، اہم تفصیلات سامنے آگئیں

آگ کی شدت میں اضافہ پلائی وڈ ڈکٹ، آرٹیفیشل پلانٹس اور اے سی پلانٹس کی وجہ سے ہوا

سانحہ گل پلازہ میں لگنے والی آگ کیوں بے قابو ہوئی، کیوں 36 گھنٹوں بعد بھی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا، حکام نے اہم تفصیلات سے پردہ اٹھا دیا۔

ایس ایس پی سٹی عارف عزیز نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ آگ کی شدت میں اضافہ پلائی وڈ ڈکٹ، آرٹیفیشل پلانٹس اور اے سی پلانٹس کی وجہ سے ہوا۔

گل پلازہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر آگ لگنے کی وجہ شارٹ سرکٹ بتائی گئی ہے، تاہم آگ کی شدت میں اضافہ پلائی وڈ ڈکٹ، آرٹیفیشل پلانٹس اور اے سی پلانٹس کی وجہ سے ہوا۔

ایس ایس پی نے کہا کہ پیٹرول کی موجودگی کسی کے ذاتی استعمال کے لیے بھی ممکن ہے، انہوں نے بتایا کہ جاں بحق افراد کی تعداد 20 سے زائد ہو چکی ہے جبکہ اب تک 13 لاشوں کی تصدیق کی جا چکی ہے۔

مزید پڑھیں: سانحہ گل پلازہ: 20 لاشیں نکال لی گئیں، 75 افراد لاپتہ، سرچ آپریشن جاری

عارف عزیز نے کہا کہ ریسکیو آپریشن جاری ہے اور زندگی کی تلاش اولین ترجیح ہے۔ آج ریسکیو ورکرز عمارت میں داخل ہو سکیں گے تاکہ ملبہ ہٹانے اور مزید کارروائی کی جا سکے۔

انھوں نے بتایا کہ مارکیٹ سے نکالا گیا ملبہ اور سامان مارکیٹ کمیٹی کے ارکان کی موجودگی میں کے ایم سی گراؤنڈ اور ڈمپنگ پوائنٹس تک منتقل کیا جا رہا ہے۔

ایس ایس پی کے مطابق ڈمپروں اور ڈمپنگ پوائنٹس پر بھی تاجر کمیونٹی اور ضلعی انتظامیہ موجود ہے جبکہ پولیس بھاری نفری کے ساتھ تعینات ہے۔

عارف عزیز نے مزید بتایا کہ شہریوں کی بڑی تعداد کی موجودگی کی وجہ سے ریسکیو ٹیموں کو مشکلات کا سامنا رہا، تاہم تمام متعلقہ ادارے جائے وقوعہ پر موجود ہیں اور ریسکیو آپریشن اب بھی جاری ہے۔

Leave a Reply