سانحہ گل پلازہ، تاجر برادری کا تین روزہ سوگ کا اعلان، شفاف انکوائری اور مالی امداد کا مطالبہ
شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی
سانحہ گل پلازہ نے کراچی کے تجارتی حلقوں میں گہرے رنج و غم کی فضا قائم کر دی ہے۔ اس افسوسناک حادثے پر کراچی موبائل اینڈ الیکٹرونکس ڈیلرز ایسوسی ایشن (کمیڈا) کے صدر منہاج گلفام نے تین روزہ سوگ کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے، تاہم انہوں نے واضح کیا ہے کہ مارکیٹوں میں کاروبار معمول کے مطابق جاری رہے گا۔
کمیڈا کے مطابق کراچی کی 100 سے زائد موبائل اور الیکٹرونکس مارکیٹوں میں تین روز تک سوگ منایا جائے گا۔ اس دوران شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے قرآن خوانی کی محافل منعقد کی جائیں گی اور تمام متعلقہ مارکیٹوں میں سیاہ بینرز آویزاں کیے جائیں گے تاکہ متاثرہ خاندانوں سے یکجہتی اور افسوس کا اظہار کیا جا سکے۔
منہاج گلفام نے حکومتِ سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ سانحہ گل پلازہ کی شفاف اور غیر جانبدار انکوائری کرائی جائے تاکہ واقعے کے اسباب اور ذمہ داران کا تعین ہو سکے اور مستقبل میں ایسے دل خراش واقعات سے بچاؤ ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے زور دیا کہ فائر سیفٹی قوانین پر سختی سے عملدرآمد اور تجارتی مراکز میں حفاظتی انتظامات کو مؤثر بنایا جائے۔
کمیڈا کے صدر نے مزید مطالبہ کیا کہ سانحے میں شہید ہونے والے افراد کے لواحقین اور متاثرہ دکانداروں کے لیے فوری مالی امداد کا اعلان کیا جائے تاکہ ان کے نقصانات کا ازالہ ہو سکے اور وہ دوبارہ اپنے پیروں پر کھڑے ہو سکیں۔
انہوں نے تاجر برادری سے اپیل کی کہ غم کی اس گھڑی میں متحد رہیں، متاثرین کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور انسانی ہمدردی کے جذبے کو مقدم رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سانحہ گل پلازہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری تاجر برادری کے لیے ایک کڑا امتحان ہے، جس میں یکجہتی اور ذمہ داری کا مظاہرہ وقت کی اہم ضرورت ہے۔