گل پلازہ آتشزدگی، چیف فائر آفیسر کی رپورٹ منظر عام پر آ گئی
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے
چیف فائر آفیسر نے گل پلازہ میں پیش آنے والے آتشزدگی کے افسوسناک واقعے سے متعلق تفصیلی رپورٹ جمع کرا دی ہے۔ ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق رات 10 بج کر 26 منٹ پر گل پلازہ میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر فوری طور پر ریسکیو کارروائی کا آغاز کیا گیا۔
ترجمان کے مطابق اطلاع ملتے ہی سینٹرل فائر اسٹیشن اور صدر فائر اسٹیشن سے دو فائر ٹینڈر فوری روانہ کیے گئے، جو چند منٹوں میں جائے وقوعہ پر پہنچ گئے۔
آگ کی شدت میں اضافے پر فائر فائٹرز نے مزید نفری اور فائر گاڑیوں کی طلبی عمل میں لائی، جس کے بعد شہر کے 16 فائر اسٹیشنز سے فائر گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں۔
بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق واٹر بورڈ حکام نے بھی بروقت تعاون کرتے ہوئے واٹر ٹینکرز اور مطلوبہ عملہ جائے وقوعہ پر پہنچایا۔ آپریشن کے دوران متعدد افراد کو بحفاظت ریسکیو کیا گیا۔
ترجمان نے بتایا کہ آگ کی شدید صورتحال کے باوجود فائر فائٹرز نے بھرپور اور دلیرانہ انداز میں آگ پر قابو پانے کی کوششیں جاری رکھیں، تاہم اسی دوران فائر فائٹر جوان فرقان شہید ہو گئے، جس پر شہری انتظامیہ نے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ عوامی ہجوم اور ٹریفک کی شدید صورتحال کے باعث ریسکیو آپریشن میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم تمام ادارے باہمی تعاون سے کارروائی میں مصروف رہے۔
ترجمان بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مطابق ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے اور اس کے مکمل ہونے کے بعد نقصانات اور ممکنہ جانی نقصان سے متعلق تفصیلی معلومات جاری کی جائیں گی۔