Posted in

بھارتی خلائی مشن ناکام، زمین کی نگرانی کے سیٹلائٹ سمیت 16 آلات خلا میں کھو گئے

بھارتی خلائی مشن ناکام، زمین کی نگرانی کے سیٹلائٹ سمیت 16 آلات خلا میں کھو گئے

بھارت کی ’’اعتماد یافتہ‘‘ خلائی صلاحیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے

بھارتی خلائی تحقیقاتی ادارے (اسرو) کو ایک مرتبہ پھر خلائی محاذ پر مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے، جب پیر کے روز لانچ کیا گیا راکٹ پرواز کے فوراً بعد تکنیکی خرابی کا شکار ہو گیا اور زمین کی نگرانی کے لیے بھیجا گیا سیٹلائٹ EOS-N1 اپنے ہدف تک پہنچنے میں ناکام رہا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق، پی ایس ایل وی-سی 62 راکٹ کے مقررہ مدار سے ہٹ جانے کے سبب EOS-N1 کے علاوہ 15 دیگر بھارتی اور غیر ملکی پے لوڈز بھی اپنے ہدف تک نہیں پہنچ سکے، جس سے بھارت کی ’’اعتماد یافتہ‘‘ خلائی صلاحیت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔

اسرو کے مطابق، راکٹ نے پرواز کے زیادہ تر حصے میں معمول کے مطابق کام کیا، تاہم اختتامی مرحلے میں اچانک تکنیکی خلل پیدا ہوا اور راکٹ اپنے طے شدہ راستے سے ہٹ گیا۔ اسرو نے بتایا کہ تفصیلی تجزیہ شروع کر دیا گیا ہے تاکہ ناکامی کی وجوہات سامنے آ سکیں۔

واضح رہے کہ پی ایس ایل وی راکٹ بھارتی خلائی پروگرام کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے اور اسی کے ذریعے پہلے چندریان-1 اور آدتیہ ایل-1 جیسے اہم مشنز بھی لانچ کیے گئے، تاہم حالیہ ناکامیاں بھارت کے خلائی دعووں کو شدید دھچکا پہنچا رہی ہیں۔

ماہرین کے مطابق، یہ دوسری مرتبہ ہے کہ آٹھ ماہ کے دوران PSLV مشن ناکام ہوا، جس سے بھارت کی بین الاقوامی خلائی ساکھ اور زمین کی نگرانی کی صلاحیت پر سوالات جنم لے رہے ہیں۔

Leave a Reply