معرکہ حق میں دشمن کو شکست دیکر پاکستان کی مسلح افواج نے قوم کو نیا اعتماد دیا، فیلڈمارشل

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ آپریشن بنیان مرصوص میں پاک فوج نے عسکری صلاحیتوں کا لوہا منوایا، معرکہ حق میں خود سے کئی گنا بڑے دشمن کے خلاف عظیم فتح کے بعد پاکستان کی قوم کا مسلح افواج پر اعتماد مزید بلند ہوا، اللہ تعالیٰ کی مدد اور قوم کی حمایت سے سرحدوں کے دفاع میں کامیاب ہوئے۔

پاکستان ملٹری اکیڈمی (پی ایم اے) کاکول میں 152ویں پی ایم اے لانگ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ کا انعقاد کیا گیا، فیلڈ مارشل عاصم منیر بطور مہمان خصوصی پاسنگ آؤٹ پریڈ تقریب میں شریک ہوئے۔

اپنے خطاب میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا کہ آنے والی کشیدگی خطے اور اس سے باہر کے لیے تباہ کن نتائج کا باعث بن سکتی ہے، دشمن نے کوئی جارحیت کی تو منہ توڑ جواب دیں گے، مستقبل کی جنگوں کے پیش نظر جدید ٹیکنالوجی اور عصر حاضر کے تقاضوں کو مد نظر رکھنا ہوگا۔

آپریشن بنیان مرصوص سے قوم کا پاک فوج پر اعتماد مزید بلند ہوا، ہم نے خود سے کئی گنا بڑے دشمن کو شکست دیتے ہوئے وارفیئر میں برتری ثابت کی، ازلی دشمن بھارت کے رافیل طیارے مار گرائے، بھارت کی جانب سے بے بنیاد الزامات بھی لگائے گئے، لیکن قوم بھارت کیخلاف پہلے سے زیادہ متحد نظر آئی۔

انہوں نے کہا کہ اللہ کی مدد اور قوم کی حمایت سے سے ہم پاک سر زمین کا ایک انچ بھی نہیں کھوئیں گے، دشمن پاکستان کی مسلح افواج اور عوام میں دوریاں پیدا کرنا چاہتا ہے، معرکہ حق میں قوم مسلح افواج میں سیسہ پلائی دیوار کی طرح ساتھ کھڑی تھی، بھارت نے جنگ میں ناکامی کے بعد ریاستی سرپرستی میں فتنۃ الخوارج کے ذریعے پاکستان میں دہشتگردی کو اسپانسر کرنے کا عمل تیز کر دیا۔

فیلڈ مارشل نے کہا کہ پاکستان امن پسند لوگوں کا ملک ہے، افغان طالبان اپنی سرزمین کو دہشتگردی کے خلاف استعمال ہونے سے روکیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا غزہ میں امن کے لیے کلیدی کردار رہا، پاکستان نے خطے اور یہاں سے باہر امن کے لیے بے مثال کردار ادا کیا، دنیا بھر میں امن مشن کے لیے پاک فوج سب سے زیادہ شرکت رکھنے والی فوجوں میں شامل ہے۔

سید عاصم منیر نے کہا کہ کشمیر میں مظالم جاری ہیں، مسئلہ کشمیر اور مسئلہ فلسطین انسانیت پر بدنما داغ ہیں، دنیا نے مظالم بڑھنے کے بعد غزہ میں اسرائیلی نسل کشی کا نوٹس لیا، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

فیلڈ مارشل نے اپنے خطاب میں کہا کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی دنیا میں قیام امن کی کاوشیں لائق تحسین ہیں، حرمین شریفین کے دفاع کی ذمہ داری ہمارے لیے باعث فخر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کے اہل خانہ کے شکر گزار اور مقروض ہیں، مادر وطن کے دفاع کے لیے شہدا کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی، پی ایم اے کاکول تاریخی حیثیت کی حامل ہے، یہاں سے قوم کو بڑے جانباز ملے،جنہوں نے اپنی جانیں وطن پر نچھاور کیں۔

قبل ازیں 37 ویں ٹیکنیکل گریجویٹ کورس، 71 ویں انٹیگریٹڈ کور، 26 ویں لیڈی کیڈٹ کورس کی پاسنگ آؤٹ پریڈ میں مہمان خصوصی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاسنگ آؤٹ پریڈ میں بابر کمپنی کو قائد اعظم ایوارڈ سے نوازا۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں قطر، مالی، سری لنکا، نائجیریا، بنگلہ دیش، عراق، مالدیپ، یمن، فلسطین سمیت دوست ممالک کے 40 کیڈٹس شریک ہیں، پاس آؤٹ پریڈ میں شریک کیڈٹس نے شاندار مارچ پاسٹ کیا۔

تقریب میں پاک فوج کے سینئر افسران، غیر ملکی سفارتکاروں اور اہم شخصیات کی بڑی تعداد بھی موجود ہے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پریڈ کا معائنہ کیا، اس موقع پر انہیں سلامی بھی پیش کی گئی، پاسنگ آؤٹ پریڈ کے بعد تریبت مکمل کرنے والے کیڈٹس نے پی ایم اے کاکول میں فرائض سنبھال لئے۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پی ایم اے کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ کے دوران نمایاں کارکردگی کے حامل کیڈٹس میں انعامات تقسیم کیے۔

پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شریک کیڈٹس سے حلف بھی لیا گیا۔

Leave a Reply