بنوں کے جنوبی علاقے میں امن دشمن عناصر کے خلاف جاری آپریشن کے دوران پاک فوج کے بہادر افسر لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز نے جامِ شہادت نوش کیا۔ 43 سالہ شہید افسر کا تعلق ضلع مانسہرہ سے تھا اور وہ کیڈٹ کالج بٹراسی کے فارغ التحصیل تھے۔ اپنی پیشہ ورانہ مہارت، جرات مندانہ قیادت اور محاذ پر مؤثر حکمت عملی کے باعث وہ ساتھیوں اور ماتحتوں میں انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھے جاتے تھے۔
ذرائع کے مطابق لیفٹیننٹ کرنل گل فراز بنوں میں 34 لانسر کمپنی کے ساتھ خدمات سرانجام دے رہے تھے۔ ضلع بنوں کے علاقے سرہ درگہ میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائی کے دوران اچانک حملے میں وہ ایک سپاہی سمیت شہید ہو گئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں متعدد اہلکار زخمی بھی ہوئے جنہیں فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر کے طبی امداد فراہم کی گئی۔
شہید افسر نے اپنے کیریئر کے دوران کئی اہم اور کامیاب آپریشنز میں حصہ لیا۔ پسماندگان میں اہلیہ، دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ سکیورٹی حکام کے مطابق علاقے میں کلیئرنس آپریشن جاری ہے اور صورتحال مکمل کنٹرول میں آنے تک ہائی الرٹ برقرار رکھا جائے گا۔ دفاعی حلقوں اور عوامی نمائندوں نے شہداء کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
بنوں میں شہید ہونے والے لیفٹیننٹ کرنل شہزادہ گل فراز۔۔۔۔۔؟