پنجاب یونیورسٹی اور الحمرا کے اشتراک سے دو روزہ فلم فیسٹول کا آغاز
فیسٹول کا افتتاح وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے کیا۔
پنجاب یونیورسٹی کے شعبہ فلم اینڈ براڈکاسٹنگ اور الحمرا آرٹس کونسل کے زیر اہتمام دو روزہ فلم فیسٹول کا آغاز ہوگیا۔ فیسٹول کا افتتاح وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی نے کیا۔
افتتاحی تقریب میں معروف ہدایت کار سید نور، چیئرپرسن شعبہ فلم اینڈ براڈکاسٹنگ ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر، ایگزیکٹو ڈائریکٹر الحمرا محمد نواز گوندل، معروف فلم پروڈیوسر شہزاد رفیق، نامور رائٹر آمنہ مفتی اور بڑی تعداد میں طلباء و طالبات نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ ثقافت کے فروغ میں فلم انڈسٹری کا کردار نہایت اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ دیکھو فلم فیسٹول کا مقصد بچوں اور نوجوانوں کی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے تاکہ وہ عملی میدان میں اپنی صلاحیتوں کا بہتر اظہار کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ اب رٹا سسٹم نہیں چل سکتا، طلباء و طالبات میں مہارتوں کا ہونا وقت کی ضرورت ہے۔
ڈاکٹر محمد علی نے کہا کہ اس فیسٹول کے ذریعے طلباء و طالبات کو فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات سے سیکھنے کا موقع مل رہا ہے۔ انہوں نے معروف ہدایت کار سید نور کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے طلباء و طالبات کو اپنے اسٹوڈیو میں مفت عملی تربیت فراہم کرنے کا اعلان کیا۔
معروف ہدایت کار سید نور نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلم زندگی سے آگے کی بات کرتی ہے، یہ تخیلات کی دنیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ نوجوان فلم انڈسٹری میں ایک نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں، اس لیے انہیں زیادہ سے زیادہ عملی مشق کرنی چاہیے تاکہ ان کا پروفیشنلزم مضبوط ہو۔ انہوں نے بہترین کیمروں اور لینز پر طلباء و طالبات کو مفت تربیت دینے کا اعلان بھی کیا۔
فلم پروڈیوسر شہزاد رفیق نے کہا کہ پاکستان فلم پروڈیوسرز ایسوسی ایشن نوجوانوں کو اپنا پلیٹ فارم مہیا کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بچوں کے فلمی تھیسز کے لیے فنڈنگ کا انتظام کیا جائے گا جبکہ طلباء و طالبات کی نئی تخلیقات ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر اپلوڈ کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ فلم انڈسٹری کی بحالی میں نوجوان ہماری سب سے بڑی قوت ثابت ہوں گے۔ شہزاد رفیق نے پنجاب یونیورسٹی سے اپنی وابستگی کو باعثِ فخر قرار دیتے ہوئے ڈاکٹر محمد علی کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔
نامور رائٹر آمنہ مفتی نے کہا کہ لکھنے کے لیے سب سے اہم عنصر سچائی ہے۔ انہوں نے شعبہ فلم اینڈ براڈکاسٹنگ کی جانب سے فلم انڈسٹری کے فروغ کے لیے کامیاب سرگرمی کے انعقاد کو سراہا۔
چیئرپرسن شعبہ فلم اینڈ براڈکاسٹنگ ڈاکٹر لبنیٰ ظہیر نے کہا کہ دیکھو فلم فیسٹول طلباء و طالبات کی تخلیقی صلاحیتوں کے فروغ کا بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اس سال فیسٹول میں 175 شارٹ فلمیں، ڈاکیومینٹریز اور میوزک ویڈیوز موصول ہوئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ دیکھو فلم فیسٹول پاکستان میں فلم اور سینیما انڈسٹری کو پروان چڑھانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔
تقریب کے اختتام پر شرکاء نے فیسٹول کو نوجوانوں کے لیے ایک مثبت اور تعمیری قدم قرار دیا۔