گل پلازہ سانحہ، وزیر اعلیٰ سندھ نے جامع انکوائری کا اعلان کر دیا
گل پلازہ ایک بڑا تجارتی مرکز ہے جہاں پورے کراچی سے لوگ شاپنگ کے لیے آتے ہیں
وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے گل پلازہ میں آتشزدگی کے افسوسناک واقعے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اب تک 58 کے قریب افراد لاپتا ہیں اور دعا ہے کہ وہ خیریت سے مل جائیں۔
انہوں نے کہا کہ اس سانحے میں کے ایم سی اور فائر بریگیڈ کے اہلکار سمیت 6 افراد کی قیمتی جانیں ضائع ہوئیں جن کا کوئی ازالہ ممکن نہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے بتایا کہ پاک بحریہ نے بھی امدادی کارروائی میں حصہ لیا جبکہ اگر مزید کسی ادارے کی ضرورت محسوس ہوئی تو فوری رابطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کے نقصان کا ازالہ کرے گی۔
مراد علی شاہ کے مطابق متعلقہ حکام نے انہیں آگ لگنے کی اطلاع فوری طور پر دی، رات 10 بجے کے بعد واقعے کی اطلاع ملی جبکہ 10 بج کر 27 منٹ پر فائر بریگیڈ کی پہلی گاڑی موقع پر پہنچ گئی۔
انہوں نے واضح کیا کہ گل پلازہ ایک بڑا تجارتی مرکز ہے جہاں پورے کراچی سے لوگ شاپنگ کے لیے آتے ہیں۔
وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ اس المناک واقعے پر انتشار پھیلانے والوں پر دھیان نہیں دیا جائے گا اور تمام حقائق سامنے لانے کے لیے واقعے سے متعلق جامع انکوائری کرائی جائے گی تاکہ ذمہ داروں کا تعین ہو سکے۔
انہوں نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم نے تاحال ان سے رابطہ نہیں کیا، تاہم صوبائی حکومت امدادی سرگرمیوں اور ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کر رہی ہے۔
مراد علی شاہ نے کہا کہ یہ ایک بڑا انسانی المیہ ہے، اللہ کرے لاپتا افراد بحفاظت مل جائیں اور متاثرہ خاندانوں کو صبر جمیل عطا ہو۔