Posted in

وارنر اور اسمتھ کا تاریخی دن، بگ بیش لیگ میں نئی تاریخ رقم

وارنر اور اسمتھ کا تاریخی دن، بگ بیش لیگ میں نئی تاریخ رقم

وارنر اور اسمتھ اس سے قبل بھی دس مرتبہ کسی میچ میں ایک ساتھ سنچریاں بنا چکے ہیں

آسٹریلوی کرکٹ کے دو سپر اسٹارز ڈیوڈ وارنر اور اسٹیون اسمتھ نے بگ بیش لیگ (BBL) میں ایک ہی ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنچریاں اسکور کر کے منفرد تاریخ رقم کر دی۔

یہ پہلا موقع تھا کہ دونوں کھلاڑیوں نے کسی ایک ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنچریاں بنائیں، وہ بھی آمنے سامنے ٹیموں کی نمائندگی کرتے ہوئے۔

اسٹیون اسمتھ نے سڈنی سکسزرز کی جانب سے سڈنی تھنڈر کے خلاف صرف 41 گیندوں پر سنچری مکمل کی، جو سکسزرز کی تاریخ کی تیز ترین سنچری ہے۔

یہ اسمتھ کی BBL میں چوتھی سنچری تھی، جو کسی بھی بلے باز کی جانب سے بگ بیش لیگ میں سب سے زیادہ سنچریاں ہیں۔

مزید پڑھیں: انجری کے باعث شاہین آفریدی بگ بیش لیگ ادھوری چھوڑ کر وطن روانہ

اس سے قبل ریکارڈ تین سنچریوں کا تھا، جو ڈیوڈ وارنر اور بین میکڈرموٹ کے پاس ہے۔

ڈیوڈ وارنر نے بھی شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ناٹ آؤٹ 110 رنز اسکور کیے۔ یہ ان کے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی دسویں سنچری تھی۔

وارنر اس فارمیٹ میں دس سنچریاں بنانے والے دنیا کے تیسرے بلے باز بن گئے ہیں، ان سے آگے صرف کرس گیل (22) اور بابر اعظم (11) ہیں۔

اس میچ میں اسٹیون اسمتھ اور بابر اعظم کے درمیان 141 رنز کی اوپننگ شراکت قائم ہوئی، جو سڈنی سکسزرز کی جانب سے BBL میں کسی بھی اوپننگ جوڑی کی سب سے بڑی شراکت ہے۔

اسمتھ نے میچ میں 9 چھکے بھی لگائے، جو سکسزرز کے لیے ایک BBL میچ میں مشترکہ ریکارڈ ہے۔

میچ کے دوران سڈنی تھنڈر کے بولر ریان ہیڈلی کا ایک اوور خاص طور پر مہنگا ثابت ہوا، جس میں 32 رنز بنے۔

یہ اوور اب BBL کی تاریخ کا سب سے مہنگا اوور قرار پا گیا ہے۔

دلچسپ طور پر، یہ 2007 کے بعد پہلا موقع تھا کہ 35 سال یا اس سے زائد عمر کے دو کھلاڑیوں نے ایک ہی ٹی ٹوئنٹی میچ میں سنچریاں اسکور کیں۔

اس سے قبل یہ کارنامہ انگلینڈ میں گراہم ہِک اور لانس کلوزنر نے انجام دیا تھا۔

یاد رہے کہ وارنر اور اسمتھ اس سے قبل دس مرتبہ کسی میچ میں ایک ساتھ سنچریاں بنا چکے ہیں، تاہم یہ پہلا موقع تھا کہ دونوں نے ٹی ٹوئنٹی میچ میں اور حریف ٹیموں کی جانب سے یہ سنگِ میل عبور کیا۔

Leave a Reply