پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار تیزی؛ 100 انڈیکس میں کتنا اضافہ ہوا؟
کاروباری ہفتے میں کے ایس ای 100 انڈیکس میں نمایاں اضافہ
پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں ہفتہ وار کاروبار کے دوران مثبت رجحان دیکھنے میں آیا ہے۔
ہفتہ وار رپورٹ کے مطابق کاروباری ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای 100 انڈیکس میں مجموعی طور پر 690 پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد انڈیکس 184,409 پوائنٹس سے بڑھ کر 185,098 پوائنٹس پر بند ہوا۔
ہفتے کے دوران مارکیٹ نے ایک اہم نفسیاتی حد دوبارہ بحال کی، تاہم مجموعی طور پر پانچ روزہ کاروبار میں تین دن مندی جبکہ دو دن تیزی کا رجحان رہا۔
ہفتہ وار ٹریڈنگ کے دوران 100 انڈیکس 185,208 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچا جبکہ کم ترین سطح 180,783 پوائنٹس ریکارڈ کی گئی۔
اسی دوران مارکیٹ کی مجموعی سرمایہ کاری قدر (مارکیٹ کیپٹلائزیشن) میں 206 ارب روپے کا نمایاں اضافہ ہوا، جس کے بعد یہ ایک ہفتے میں بڑھ کر 20,974 ارب روپے تک جاپہنچی۔
ماہرین کے مطابق ہفتے کے دوران پرافٹ ٹیکنگ کی خاطر فروخت کے دباؤ سے مارکیٹ دباؤ کا شکار رہی، کاروبار کے آخری روز امریکا کی جانب سے ایران پر حملہ نا کرنے کی خبروں پر تیزی ہوئی، کم قیمت حصص کی خریداری اور پالیسی ریٹ میں ممکنہ کمی کی امید نے تیزی کو فروغ دیا۔