Posted in

آیت اللہ خامنہ ای کی ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید، غرور میں فیصلے کرنے والوں کو تاریخ یاد رکھنے کا مشورہ

آیت اللہ خامنہ ای کی ڈونلڈ ٹرمپ پر شدید تنقید، غرور میں فیصلے کرنے والوں کو تاریخ یاد رکھنے کا مشورہ

یہ سب تیل کے لیے کیا جارہا ہے اور انہیں اس پر شرم تک محسوس نہیں ہوتی، سپریم لیڈر

تہران: ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو حکمران پوری دنیا پر غرور اور تکبر کے ساتھ فیصلے مسلط کرتے ہیں انہیں تاریخ سے سبق سیکھنا چاہیے۔

ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ فرعون، نمرود اور شاہِ ایران رضا پہلوی جیسے حکمران بھی اپنے عروج کے دور میں ہی زوال کا شکار ہوئے اور ٹرمپ بھی انجام سے نہیں بچ سکیں گے۔

آیت اللہ خامنہ ای نے امریکی اقدامات کو خطے میں کھلی مداخلت اور وسائل پر قبضے کی کوشش قرار دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ نے لاطینی امریکا کے ایک ملک کو گھیرے میں لے رکھا ہے اور یہ کارروائیاں براہ راست تیل کے مفادات کے لیے کی جارہی ہیں۔

ان کے بقول امریکی قیادت خود اعتراف کرتی ہے کہ یہ سب تیل کے لیے کیا جارہا ہے اور انہیں اس پر شرم تک محسوس نہیں ہوتی۔

ایرانی سپریم لیڈر نے کہا کہ حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایک ہزار سے زائد ایرانی شہری شہید ہوئے جب کہ ڈونلڈ ٹرمپ نے خود اعتراف کیا کہ حملوں کا حکم اسی نے دیا۔

آیت اللہ خامنہ ای کے مطابق ٹرمپ نے یہ بھی تسلیم کیا کہ ایرانیوں کا خون اس کے ہاتھوں پر ہے، پھر وہ آج ایرانی قوم کا ہمدرد بننے کا دعویٰ کیسے کرسکتا ہے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران سیکڑوں ہزار قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہوا ہے اور ملک میں تباہی پھیلانے والوں کے سامنے ہرگز نہیں جھکے گا۔

آیت اللہ خامنہ ای نے زور دیا کہ دشمنی، دباؤ اور سازشوں کے باوجود ایران اپنے اصولی مؤقف پر ثابت قدم رہے گا۔

سپریم لیڈر کا کہنا تھا کہ ایرانی عوام غیر ملکی طاقتوں کے ایجنٹوں کو کبھی برداشت نہیں کریں گے جب کہ آج ایرانی قوم انقلاب سے پہلے کے مقابلے میں کہیں زیادہ مضبوط اور مسلح ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایران کی روحانی طاقت اور دفاعی صلاحیتیں ماضی کے مقابلے میں کہیں زیادہ مستحکم ہوچکی ہیں اور کوئی طاقت اسے کمزور نہیں کرسکتی۔

Leave a Reply