Posted in

اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینی گاؤں میں اسکول کا کلاس روم نذر آتش کر دیا

اسرائیلی آبادکاروں نے فلسطینی گاؤں میں اسکول کا کلاس روم نذر آتش کر دیا

اسرائیلی فوج نے بھی آتشزدگی کی تصدیق کی ہے

مغربی کنارے کے علاقے نابلُس کے جنوب میں واقع گاؤں جلّود میں اسرائیلی آبادکاروں نے ایک فلسطینی اسکول کے کلاس روم کو آگ لگا دی۔ فلسطینی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ آج صبح پیش آیا۔

مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پا لیا، جس کے باعث کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، تاہم عمارت کو شدید نقصان پہنچا۔ حملہ اسکول کے اوقات کے بعد کیا گیا، جس سے ایک بڑے سانحے سے بچاؤ ممکن ہو سکا۔

سرکاری فلسطینی خبر رساں ادارے وفا  کے مطابق آگ لگانے کے واقعے کے بعد اسرائیلی فوج موقع پر پہنچی، تاہم کسی مشتبہ شخص کو گرفتار نہیں کیا جا سکا۔ اسرائیلی فوج نے بھی آتشزدگی کی تصدیق کی ہے۔

اسرائیلی میڈیا کے مطابق کلاس روم کی دیوار پر “Revenge” (بدلہ) کے الفاظ بھی تحریر کیے گئے، جسے نفرت انگیز کارروائی قرار دیا جا رہا ہے۔

ادھر ایک اور فلسطینی گاؤں میں بھی اسرائیلی آبادکاروں کی جانب سے متعدد گاڑیاں نذرِ آتش کیے جانے اور املاک کو نقصان پہنچانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

واضح رہے کہ 7 اکتوبر 2023 کے بعد مغربی کنارے میں فلسطینیوں کے خلاف آبادکاروں کے حملوں میں نمایاں اضافہ ہوا ہے۔

 اقوام متحدہ کے مطابق گزشتہ برس 270 مقامات پر تقریباً 1,700 حملے ریکارڈ کیے گئے، جن میں زیتون کی فصل کے دوران زرعی زمینوں کو نشانہ بنانا بھی شامل ہے۔

Leave a Reply