بنگلہ دیشی لیگ اسپنر رشاد حسین کی ریکارڈ ساز 6 وکٹوں نے ویسٹ انڈیز ٹیم کی کمر توڑ دی، لو اسکورنگ میچ میں میزبان ٹیم نے بآسانی 74 رنز سے فتح سمیٹ لی۔
شیرِ بنگلہ نیشنل اسٹیڈیم ڈھاکا میں کھیلے گئے پہلے ایک روزہ میچ میں بنگلہ دیش نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 207 رنز بنائے، ہدف کے تعاقب میں مہمان ٹیم صرف 133 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئی۔
23 سالہ رشاد حسین نے شاندار باؤلنگ کرتے ہوئے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا، اس کامیابی کے ساتھ بنگلہ دیش نے 3 میچز پر مشتمل سیریز میں ایک، صفرکی برتری حاصل کر لی۔
رشاد حسین بنگلہ دیش کے پہلے لیگ اسپنر بھی بن گئے ہیں جنہوں نے کسی بھی ون ڈے میچ میں 5 وکٹیں حاصل کیں، لیگ اسپنر کے 8 اوورز میں 35 رنز کے عوض 6 وکٹیں، ون ڈے کرکٹ میں کسی بھی بنگلہ دیشی اسپنر کی بہترین باؤلنگ پرفارمنس ہے۔
ویسٹ انڈیز کے برینڈن کنگ نے سب سے زیادہ 44 رنز بنائے، تاہم رشاد حسین کی غیر معمولی باؤلنگ کے سامنے دیگر کیریبین بیٹرز ریت کی دیوار ثابت ہوئے، مستفیظ الرحمٰن نے بھی شاندار بولنگ کرتے ہوئے صرف 16 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
اس سے قبل، بنگلہ دیشی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسکور بورڈ پر بڑا مجموعہ سجانے میں ناکام رہی، تاہم، باؤلرز کی عمدہ باؤلنگ کی بدولت بنگلہ دیشی ٹیم پہلے میچ میں جیت کو یقینی بنانے میں کامیاب رہی، اوپنرز سیف حسن اور سومیا سرکار تیسرے اوور تک صرف 8 رنز پر پویلین لوٹ گئے۔
نجمل حسین شانتو اور توحید ہریدوئے نے تیسری وکٹ کے لیے 71 رنز کی شراکت قائم کر کے ٹیم کو سہارا دیا، نجمل حسین شنتو 32 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جبکہ توحید ہریدوئے نے 3 چوکوں کی مدد سے 90 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔
ون ڈے ڈیبیو کرنے والے نوجوان کھلاڑی محید الاسلام نے 76 گیندوں پر 46 رنز بنائے، ویسٹ انڈیز کے فاسٹ باؤلر جیڈن سیلز نے 48 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کیں۔
سیریز کا دوسرا اور تیسرا ون ڈے میچ بالترتیب 21 اور 23 اکتوبر کو اسی میدان میں کھیلا جائے گا۔
