وہ وقت گیا جب پاکستان تنہا تھا، اب دنیا میں پاکستان کی پہچان ایک نمایاں کھلاڑی کی ہے، ایگزیکٹو چیئرمین ایشیاپاک انویسٹمنٹس سمیر چشتی
پاکستان کو اس مقام تک پہچانے میں حکومت سمیت اسٹیبلشمنٹ نے بھی خاص کردار ادا کیا ہے، سمیر چشتی
ڈیووس: عالمی اقتصادی فورم (ڈبلیو ای ایف) کے موقع پر ایشیا پاک انویسٹمنٹس کے ایگزیکٹو چیئرمین سمیر چشتی نے بول سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب پاکستان کی پہچان ایک نمایاں کھلاڑی کی ہے جو اپنے ریجن سمیت پوری دنیا میں ایک پہچان رکھتا ہے۔
ایگزیکٹو چیئرمین سمیر چشتی نے کہا کہ ایشیاپاک ایک پرائیویٹ انویسٹمنٹ فرم ہے جو پاکستان میں پچھلے دس سالوں سے سرمایہ کاری کررہی ہے۔
انہوں نے کہا اس دوران ہم نے دس کمپنیوں کو کامیابی سے حاصل کیا اور اس میں سرمایہ کاری کی، ہم نے لوگوں کے لئے روزگار کے مواقع پیدا کیے جب کہ حکومت کو بھی خاطر خواہ ٹیکس ادا کیا ہے۔
بول نیوز سے گفتگو میں اپنا تجربہ شیئر کرتے ہوئے سمیر چشتی نے کہا کہ ایک سرمایہ کار کے طور پر پاکستان میں ہمارا پچھلے دس سالوں کا تجربہ بہت شاندار رہا ہے اور یہ میں صرف اس لیے نہیں کہہ رہا کیونکہ میں نے نائب وزیر اعظم کے ساتھ اسٹیج شیئر کیا ہے بلکہ یہ میرا عملی تجربہ ہے جو میں نے بیان کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بے شمار اور پرکشش مواقع موجود ہیں جب کہ وزیر اعظم کی سربراہی میں پاکستان کی معیشت پر مثبت اثرات مرتب ہورہے ہیں۔
ایشیاپاک کے ایگزیکٹو چیئرمین نے کہا کہ اگر حالات مناسب نہ ہوں تو کوئی بھی سرمایہ کاری نہیں کرتا لیکن پچھلے کچھ سالوں میں پاکستان کی معیشت میں استحکام آیا ہے اور اب ہم ترقی کی جانب گامزن ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم، نائب وزیر اعظم اور وزیر خزانہ ملک میں معاشی اصلاحات اور سیاسی اصلاحات پر کام کررہے ہیں جس کے باعث سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ وہ وقت گیا جب پاکستان دنیا میں تنہا ہوا کرتا ہے اور اب پاکستان کی پہچان ایک نمایاں کھلاڑی کی ہے جو اپنے ریجن سمیت پوری دنیا میں ایک پہچان رکھتا ہے۔
سمیر چشتی نے مزید کہا کہ پاکستان دنیا کا وہ واحد ملک ہے جس کے امریکا اور چائنہ سے اچھے تعلقات ہیں جب کہ ساتھ ہی پاکستان کے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ بھی برادرانہ تعلقات ہیں۔ پاکستان کو اس مقام تک پہچانے میں حکومت سمیت اسٹیبلشمنٹ نے بھی خاص کردار ادا کیا ہے۔
انہوں نے کہا پاکستان کو انفراسٹرکچر میں بہتری کی ضرورت ہے لیکن یہ صرف حکومت کا کام نہیں بلکہ پرائیوٹ سیکٹر پر بھی ذمہ داری عائد ہوتی ہے اور ایشیاپاک انویسٹمنٹس نے اس میں بھرپور کردار ادا کیا ہے۔
سمیر چشتی نے یہ بھی بتایا کہ ہم نے ڈسٹرکٹ لیول پر ٹرانسپورٹ سمیت کوریئر اور بس سروسز کی سہولیات فراہم کی ہیں جب کہ ہم مختلف کمپنیوں کے ذریعے پاکستان کے انفراسٹرکچر کو بہتر کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔
ایشیاپاک کے ایگزیکٹو چیئرمین نے مزید کہا کہ پرائیوٹ کمپنیوں کے لیے پاکستان میں انرجی سمیت آرٹیفیشل انٹیلیجنس اور آئی ٹی کے شعبوں میں بے پناہ مواقع موجود ہیں۔