وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ سہ ملکی دورے پر روانہ ہو گئے
وزیر اعظم پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف خطے کو تباہی سے بچانے کے مشن کے تحت آج سے 18 اپریل تک سعودی عرب، قطر اور ترکیہ کے سرکاری دورے پر روانہ ہو گئے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف چار روزہ سہ ملکی دورے کے پہلے مرحلے میں آج سعودی عرب جبکہ کل قطر پہنچے گے۔
سعودی عرب و قطر کے دوطرفہ دوروں میں وزیراعظم دونوں ممالک کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جس میں جاری دوطرفہ تعاون کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و سلامتی پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
وزیر اعظم پانچویں انطالیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کے لیے ترکیہ کا بھی دورہ کریں گے۔ فورم کے دوران، وزیر اعظم دیگر عالمی رہنماؤں کے ساتھ، فورم میں پاکستان کا نقطہ نظر پیش کرنے کے لیے “لیڈرز پینل” میں شرکت کریں گے۔ فورم کے موقع پر وزیراعظم کی صدر رجب طیب ایردوان اور دیگر اہم عالمی رہنماؤں سے دو طرفہ ملاقاتیں متوقع ہیں۔
وزیر اعظم کے ہمراہ نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ، وزیر اعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی وزیرِ اعظم کے ہمراہ ہیں۔