مسلسل کھانسی کی حیران کن وجہ: ناک کی بالی پھیپھڑوں میں جا پھنسی
صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب ڈاکٹروں نے بتایا کہ دھاتی بالی ان کی شہ رگ سے صرف 0.5 ملی میٹر کے فاصلے پر ہے
میکسیکو کی 26 سالہ خاتون کو اس وقت شدید حیرت کا سامنا کرنا پڑا جب اس کی ایک ماہ سے جاری کھانسی کی اصل وجہ اس کی ناک کی بالی نکلی جو اس کے پھیپھڑوں میں جا پھنسی تھی۔
مونیکا دیانیرا کیبریرا باراجیس نامی خاتون تقریباً ایک ماہ سے مسلسل کھانسی میں مبتلا تھیں جس پر انہوں نے ڈاکٹر سے رجوع کیا انہیں امید تھی کہ ایکسرے میں کسی عام بیماری کی نشاندہی ہوگی لیکن وہ یہ دیکھ کر دنگ رہ گئیں کہ ان کے پھیپھڑوں میں ان کی اپنی ناک کی بالی موجود تھی۔
دیانیرا کے مطابق میرا خیال ہے کہ سوتے میں بالی کا چھوٹا حصہ اندر چلا گیا ہوگا کیونکہ میں کمر کے بل لیٹی ہوئی تھی اور مجھے احساس نہیں ہوا کہ یہ کیسے ہوا۔
یہ بھی پڑھیں: بے وفا شوہر کو رنگے ہاتھوں پکرنے کے لیے خاتون کا انوکھا اقدام
صورتحال اس وقت مزید سنگین ہوگئی جب ڈاکٹروں نے بتایا کہ دھاتی بالی ان کی شہ رگ سے صرف 0.5 ملی میٹر کے فاصلے پر ہے جس کے بعد فوری سرجری کا فیصلہ کیا گیا تاہم جو آپریشن 20 منٹ میں مکمل ہونا تھا وہ ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے کے باوجود ناکام رہا۔
خاتون کے مطابق آپریشن ایک گھنٹہ 20 منٹ تک چلا لیکن ڈاکٹر اسے نکال نہ سکے کیونکہ یہ جسم کے ساتھ چپک چکی تھی بعد ازاں انہیں ایک دوسری اور زیادہ پیچیدہ سرجری سے گزرنا پڑا۔
خوش قسمتی سے دوسری سرجری کامیاب رہی تاہم ڈاکٹروں نے بتایا کہ وہ انتہائی خوش نصیب ہیں کہ زندہ بچ گئیں اگر یہ دھاتی بالی پھیپھڑے یا بڑی خون کی نالی کو نقصان پہنچاتی تو جان لیوا ثابت ہو سکتی تھی۔
دیانیرا نے کہا کہ انہیں پئرسنگ کا شوق ہے لیکن اس خوفناک تجربے کے بعد وہ دوبارہ ایسا نہیں کروائیں گی۔