پی ایس ایل 11؛ پشاور زلمی کی ملتان سلطانز کو 24 رنز سے شکست
ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز ہی بناسکی۔
کراچی: پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) سیزن 11 کے 22 ویں میچ میں پشاور زلمی نے ملتان سلطانز کو 24 رنز سے شکست دے دی۔
پشاور زلمی اور ملتان سلطانز کی ٹیموں کے درمیان پی ایس ایل 11 کا 22 واں مقابلہ کراچی میں کھیلا گیا جس میں ملتان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔
پشاور زلمی نے پہلے کھیلتے ہوئے 6 وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے جس کے جواب میں ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 172 رنز ہی بناسکی۔
ملتان کے شان مسعود 35، جاش فلپ 32، اسٹیون اسمتھ 31 اور کپتان ایشٹن ٹرنر 20 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ پشاور کے سفیان مقیم نے 3، افتخار احمد اور ناہید رانا نے 2،2 کھلاڑیوں کا شکار کیا اور ایک وکٹ عامر جمال کے حصے میں آئی۔
اس سے قبل پہلی اننگز میں پشاور زلمی کے کوشل مینڈس 40 گیندوں پر 68 رنز بناکر نمایاں بلے باز رہے اور محمد حارث نے 17 گیندوں پر 38 رنز اسکور کیے۔
علاوہ ازیں فرحان یوسف 30، بابر اعظم 18 اور مائیکل بریسویل 14 رنز بناسکے۔ ملتان سلطانز کے محمد اسماعیل اور پیٹر سڈل نے 2، 2 وکٹیں حاصل کیں۔