اسلام آباد مذاکرات: اسحاق ڈار کی عالمی سفارتی رابطے تیز، ترکی، سعودی عرب اور مصر سے اہم مشاورت
پاکستان فریقین کے درمیان رابطہ کاری کی کوششیں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے، نائب وزیر اعظم
نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ مذاکرات کے تناظر میں سفارتی سرگرمیاں تیز کرتے ہوئے ترکی، سعودی عرب اور مصر کے وزرائے خارجہ سے اہم ٹیلیفونک رابطے کیے ہیں۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق، اسحاق ڈار نے حاقان فیدان سے گفتگو میں انہیں اسلام آباد مذاکرات میں ہونے والی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ دونوں رہنماؤں نے اس بات پر اتفاق کیا کہ جنگ بندی سے متعلق وعدوں پر عملدرآمد تمام فریقین کے لیے نہایت ضروری ہے۔
ترک وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں پاکستان کے کردار کو سراہتے ہوئے امن کے قیام کے لیے کوششوں کو اہم قرار دیا، جبکہ دونوں ممالک نے مذاکرات کے تسلسل اور خطے میں امن و استحکام کو یقینی بنانے پر زور دیا۔ اس موقع پر حاقان فیدان نے اسحاق ڈار کو اناطولیہ ڈپلومیسی فورم میں شرکت کی دعوت بھی دی۔
ادھر اسحاق ڈار نے شہزادہ فیصل بن فرحان سے بھی ٹیلیفونک گفتگو کی، جس میں انہیں مذاکرات سے متعلق تازہ صورتحال سے آگاہ کیا گیا۔ گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اس بات پر زور دیا کہ جنگ بندی کے وعدوں کی پاسداری تمام فریقین کے لیے انتہائی اہم ہے۔
انہوں نے مکالمے میں سہولت کاری کے لیے پاکستان کے کردار کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ تمام سفارتی کوششوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی اور خطے میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے مذاکرات کا سلسلہ برقرار رکھنا ناگزیر ہے۔
علاوہ ازیں، نائب وزیراعظم نے بدر عبدالعاطی سے بھی رابطہ کیا اور انہیں اسلام آباد مذاکرات کے حوالے سے بریفنگ دی۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ پاکستان فریقین کے درمیان رابطہ کاری کی کوششیں مسلسل جاری رکھے ہوئے ہے۔
اسحاق ڈار نے اس بات کا اعادہ کیا کہ جنگ بندی پر عملدرآمد اور باہمی وعدوں کی پاسداری خطے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔