Posted in

نومبر 2025 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی

نومبر 2025 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں زبردست تیزی ریکارڈ کی گئی

ابتدائی پانچ ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی مجموعی پیداوار میں 6.01 فیصد نمو سامنے آئی ہے

اسلام آباد: ادارہ شماریات پاکستان نے نومبر 2025 کے لیے بڑی صنعتوں کی پیداوار (LSM) کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، جن کے مطابق صنعتی شعبے میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی ہے۔ رپورٹ کے مطابق بڑی صنعتوں کی پیداوار کا انڈیکس بڑھ کر 118.28 تک پہنچ گیا۔

ادارہ شماریات کے مطابق نومبر 2025 میں بڑی صنعتوں کی پیداوار میں سالانہ بنیاد پر 10.37 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ اکتوبر کے مقابلے میں صنعتی پیداوار میں 0.16 فیصد اضافہ ہوا۔

رواں مالی سال کے ابتدائی پانچ ماہ کے دوران بڑی صنعتوں کی مجموعی پیداوار میں 6.01 فیصد نمو سامنے آئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق آٹوموبائل سیکٹر نے غیر معمولی کارکردگی کا مظاہرہ کیا، جہاں نومبر میں پیداوار میں 61 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اسی طرح پٹرولیم مصنوعات کی پیداوار میں بھی نمایاں بہتری آئی اور نومبر 2025 کے دوران اس میں 43 فیصد سے زیادہ اضافہ ہوا۔

سیمنٹ سیکٹر کی پیداوار میں جولائی سے نومبر کے عرصے کے دوران 13.47 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ گارمنٹس سیکٹر نے معاشی نمو میں اہم کردار ادا کرتے ہوئے 18 فیصد اضافہ دکھایا۔

تاہم رپورٹ کے مطابق آئرن اینڈ اسٹیل کے شعبے میں منفی رجحان برقرار رہا اور نومبر کے دوران اس کی پیداوار میں تقریباً 6 فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔

Leave a Reply