Posted in

دپیکا پڈوکون کی آواز میٹا اے آئی کا حصہ بن گئی

معروف بولی وڈ اداکارہ دپیکا پڈوکون نے انٹرنیٹ ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ سے اس کے آرٹیفیشل انٹیلی جنس (ے آئی) ٹولز میں معاونت کا معاہدہ کرلیا۔

دپیکا پڈوکون نے فیس بک، انسٹاگرام و واٹس ایپ کی مالک کمپنی میٹا سے اس کے اے آئی ٹولز میں اپنی آواز میں انگریزی زبان بولنے کے معاہدے کی تصدیق کردی۔

دپیکا پڈوکون نے انسٹاگرام پر اپنی مختصر ویڈیو شیئر کی، جس میں وہ آواز ریکارڈ کرتی دکھائی دیں۔

ویڈیو کے کیپشن میں انہوں نے تصدیق کی کہ اب ان کی آواز میٹا اے آئی کا حصہ بن چکی ہے، نیوزی لینڈ، آسٹریلیا، کینیڈا، برطانیہ اور امریکا کے صارفین اے آئی پر ان کی آواز کے چیٹ بوٹ سے انگریزی میں بات کر سکیں گے۔

اداکارہ نے ویڈیو میں بھی انگریزی زبان میں اپنا تعارف کراتے ہوئے بتایا کہ اب دنیا کے متعدد ممالک کے صارفین میٹا اے آئی چیٹ بوٹس پر ان کی آواز کے انگریزی بوٹس سے بات کر سکیں گے۔

دپیکا پڈوکون کے بعد جلد ہی بھارت کے دوسرے اداکاروں کے ساتھ بھی میٹا کی جانب سے اسی طرح کے معاہدے کیے جانے کا امکان ہے۔

میٹا کی جانب سے پہلے ہی ہولی وڈ اداکاراؤں و اداکاروں کی آواز، تصاویر اور ویڈیوز کے اے آئی چیٹ بوٹس متعارف کرائے جا چکے ہیں، جن سے صارفین چیٹنگ کر سکتے ہیں۔

میٹا کی جانب سے اے آئی میں ہندی زبان میں بھی متعدد فیچرز متعارف کرائے گئے ہیں جب کہ فیس بک کی مالک کمپنی کی جانب سے بھارت میں متعدد اے آئی فیچرز بھی متعارف کرانے کا سلسلہ جاری ہے۔

میٹا کی طرح دوسرے اے آئی پلیٹ فارمز بھی معروف شخصیات کی آواز، ویڈیوز اور تصاویر کے اے آئی بوٹس متعارف کرا چکے ہیں، ساتھ ہی ایسی خبریں بھی آتی رہی ہیں کہ معروف شخصیات کے نام سے متعارف کرائے گئے بوٹس مبینہ طور پر فحش زبان اور موضوعات پر بھی بات کرتے ہیں۔

Leave a Reply