Posted in

کراچی؛ حب کینال پر نیا کنٹرول گیٹ نصب کرنے کا اعلان

کراچی؛ حب کینال پر نیا کنٹرول گیٹ نصب کرنے کا اعلان

گیٹ کی تنصیب کے دوران حب پمپنگ اسٹیشن عارضی طور پر 12 گھنٹوں کے لیے بند رہے گا، کے ڈبلیو ایس سی

کراچی: کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن (کے ڈبلیو اینڈ ایس سی) نے پانی کی فراہمی کو بہتر بنانے کے لیے حب کینال ریزروائر میں نیا کنٹرول گیٹ نصب کرنے کا اعلان کردیا۔

ترجمان کے ڈبلیو اینڈ ایس سی کے مطابق گیٹ کی تنصیب کے دوران حب پمپنگ اسٹیشن کو عارضی طور پر 12 گھنٹوں کے لیے بند کرنا پڑے گا۔

ترجمان نے بتایا کہ یہ کام کل بروز منگل 20 جنوری کو صبح 8 بجے سے رات 10 بجے تک جاری رہے گا۔ اس دوران ضلع ویسٹ اور کیماڑی میں پانی کی فراہمی معطل رہے گی۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ کرش پلانٹ I اور II کے ہائیڈرینٹس بھی مینٹیننس کے دوران بند رہیں گے جس کی وجہ سے شہر میں تقریباً 50 ملین گیلن پانی کی کمی کا امکان ہے۔

انہوں نے کہا کہ عموماً کراچی کو روزانہ تقریباً 650 ملین گیلن پانی ملتا ہے تاہم مینٹیننس کے باوجود تقریباً 600 ملین گیلن پانی فراہم کیا جائے گا۔

کے ڈبلیو اینڈ ایس سی کے اہلکاروں نے وضاحت کی کہ موجودہ گیٹ کے مسائل بار بار پانی کی ترسیل میں خلل ڈال رہے تھے جس کی وجہ سے نیا گیٹ لگانا ناگزیر تھا۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ اس اپ گریڈ کے بعد شہر بھر میں پانی کی فراہمی میں اعتماد اور استحکام نمایاں طور پر بہتر ہوگا۔ ضلع ویسٹ اور کیماڑی کے رہائشیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ اس دوران پانی کا محتاط استعمال کریں۔

کے ڈبلیو اینڈ ایس سی نے زور دیا کہ یہ عارضی تکلیف کراچی کے پانی کے نظام کو جدید بنانے اور طویل مدتی میں مستحکم اور قابل اعتماد فراہمی یقینی بنانے کے اقدامات کا حصہ ہے۔

Leave a Reply