Posted in

ٹرمپ کا بڑا اعلان، ایران سے مذاکرات کامیاب ہو گئے تو پاکستان آؤں گا

ٹرمپ کا بڑا اعلان، ایران سے مذاکرات کامیاب ہو گئے تو پاکستان آؤں گا

اگر ایران کے ساتھ ڈیل ہو جاتی ہے تو یہ عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی ہوگی، امریکی صدر

واشنگٹن ڈی سی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ نے پاکستان کے ممکنہ دورے کا عندیہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا گیا تو وہ اسلام آباد کا رخ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ دونوں نے مذاکراتی عمل میں “شاندار کردار” ادا کیا اور پاکستان نے ایران کے ساتھ بات چیت میں مثبت اور مؤثر کردار نبھایا۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ امریکا اور ایران کے درمیان مذاکرات میں نمایاں پیش رفت ہو رہی ہے اور دونوں فریق ایک معاہدے کے قریب پہنچ چکے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ایران کو کسی صورت جوہری ہتھیار حاصل کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی، تاہم موجودہ صورتحال میں ایران اس حوالے سے لچک دکھا رہا ہے۔

امریکی صدر نے کہا کہ ایران کے ساتھ مذاکرات کا دوسرا دور آئندہ ہفتے متوقع ہے اور اگر معاہدہ طے پا گیا تو یہ خطے میں استحکام کے لیے اہم پیش رفت ہوگی، بصورت دیگر کشیدگی دوبارہ بڑھ سکتی ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان 10 روزہ جنگ بندی پر اتفاق ہو چکا ہے، جس میں حزب اللہ بھی شامل ہوگا، اور یہ جنگ بندی آج رات سے نافذ العمل ہوگی۔

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ وہ اب تک کئی جنگ بندیوں میں کردار ادا کر چکے ہیں اور موجودہ پیش رفت بھی ان کی سفارتی کوششوں کا نتیجہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ایران کے ساتھ ڈیل ہو جاتی ہے تو یہ عالمی سطح پر ایک بڑی کامیابی ہوگی، جبکہ ناکامی کی صورت میں دوبارہ تصادم کا خطرہ موجود رہے گا۔

Leave a Reply