کراچی والے ہوجائیں تیار! محکمہ موسمیات نے بارش کی پیشگوئی کردی
کراچی والے شدید سردی کے لیے تیار ہوجائیں
کراچی: محکمہ موسمیات نے شہر میں کل بارش اور جمعہ سے سردی کی شدت میں نمایاں اضافے کی پیشگوئی کر دی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مغربی ہواؤں کا ایک نیا سلسلہ اس وقت ملک کے بالائی علاقوں کو متاثر کر رہا ہے، یہ موسمی نظام آج رات سے بلوچستان پر اثر انداز ہونا شروع ہو جائے گا، جس کے باعث شمالی بلوچستان کے پہاڑی علاقوں میں برفباری متوقع ہے جبکہ کوئٹہ اور گردونواح میں بھی بارش اور برفباری کے امکانات ظاہر کیے گئے ہیں۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کل یہ موسمی سلسلہ سندھ کے مغربی علاقوں میں داخل ہوگا، جہاں مختلف اضلاع میں بارش کا امکان ہے۔ شہرِ قائد کراچی میں بھی کل معتدل سے ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے مزید بتایا ہے کہ جمعہ سے کراچی سردی کی لہر کی لپیٹ میں آجائے گا، جس کے نتیجے میں آئندہ دو سے چار روز کے دوران درجہ حرارت میں نمایاں کمی متوقع ہے۔
تاہم، محکمہ موسمیات نے شہریوں کو سردی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔