ایشیاپاک کے چیئرمین نے پاکستان کو سرمایہ کاری کے لیے اہم مارکیٹ قرار دے دیا
آئندہ چند برسوں کے لیے 5 ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا باقاعدہ منصوبہ تیار ہے، سمیر چشتی
ڈیووس: ایشیاپاک انویسٹمنٹس کے چیئرمین سمیر چشتی نے کہا ہے کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے حوالے سے انتہائی پُرامید ہیں اور مستقبل میں بھی پاکستان ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔
ورلڈ اکنامک فورم ڈیووس میں پاتھ فائنڈر گروپ کے زیرِ اہتمام پاکستان پویلین میں منعقدہ ایک تقریب سے ایشیاپاک انویسٹمنٹس کے چیئرمین سمیر چشتی نے خطاب کیا۔
خطاب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بارے میں ایشیاپاک کا مضبوط اعتماد کسی قیاس آرائی پر نہیں بلکہ گزشتہ دس برسوں کے عملی تجربے پر مبنی ہے۔
سمیر چشتی کا کہنا تھا کہ اس عرصے کے دوران ایشیاپاک نے اپنی اور شراکت داروں کی اصل سرمایہ کاری سے مختلف شعبوں میں دس کمپنیوں کو حاصل کیا اور انہیں کامیابی کے ساتھ چلایا۔
چیئرمین سمیر چشتی کہتے ہیں کہ پاکستان کے ہر شعبے اور ہر صوبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں جب کہ حکومت کی جانب سے جاری اصلاحاتی پروگرام اور مضبوط مالی نظم و ضبط ملک کے سرمایہ کاری ماحول کو مسلسل بہتر بنارہے ہیں۔
ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ان عوامل کے باعث پاکستان کی سرمایہ کاری کی کہانی پہلے سے زیادہ مضبوط ہو رہی ہے۔
سمیر چشتی نے بتایا کہ گزشتہ دس برسوں میں ایشیاپاک انویسٹمنٹس پاکستان میں مجموعی طور پر 4 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کرچکی ہے جب کہ آئندہ چند برسوں کے لیے 5 ارب ڈالر کی اضافی سرمایہ کاری کا باقاعدہ منصوبہ بھی تیار ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایشیاپاک آئندہ بھی پاکستان کے حوالے سے انتہائی پُرامید رہے گی اور ملک کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرتی رہے گی کیونکہ پاکستان طویل المدتی سرمایہ کاری کے لیے ایک مضبوط اور باصلاحیت منڈی ہے۔