انڈر 19 مینز کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں جنوبی افریقہ، سری لنکا اور پاکستان نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے اپنے میچز جیت لیے ہیں۔
جنوبی افریقہ نے تنزانیہ کے خلاف تاریخ ساز فتح حاصل کی، سری لنکا نے آئرلینڈ کو شکست دے کر سپر سکس مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کے خلاف کامیابی کے ساتھ ایونٹ میں اپنا کھاتہ کھول لیا۔
تنزانیہ کے خلاف میچ میں جنوبی افریقہ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 397 رنز بنائے، جو انڈر 19 ورلڈ کپ کی تاریخ میں پروٹیز کا سب سے بڑا اسکور ہے۔
کپتان محمد بلبلیا نے 108 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، جبکہ جیسن رولز نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے 101 گیندوں پر ناقابلِ شکست 125 رنز بنائے۔ دونوں کے درمیان 201 رنز کی بڑی شراکت قائم ہوئی۔
آخر میں پال جیمز نے 18 گیندوں پر 46 رنز بنا کر اسکور کو مزید مضبوط کر دیا۔
مزید پڑھیں: پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کی تیاریاں معطل کردیں
جواب میں تنزانیہ کی ٹیم 68 رنز پر ڈھیر ہو گئی اور جنوبی افریقہ نے 329 رنز سے تاریخی کامیابی حاصل کی، جو ٹورنامنٹ کی دوسری سب سے بڑی فتح ہے۔
دوسرے میچ میں پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 6 وکٹوں سے شکست دی۔ پاکستان نے ٹاس جیت کر پہلے بولنگ کا فیصلہ کیا، جسے علی رضا نے پہلے ہی اوور میں دو وکٹیں لے کر درست ثابت کر دیا۔
اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 187 رنز بنا سکی، علی رضا نے 4 جبکہ مومن قمر نے 3 وکٹیں حاصل کیں۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستان کو ابتدا میں کچھ مشکلات کا سامنا رہا، تاہم عثمان خان اور احمد حسین کے درمیان 111 رنز کی شراکت نے میچ کا پانسہ پلٹ دیا۔
عثمان خان کی نصف سنچری کی بدولت پاکستان نے 43.1 اوورز میں ہدف حاصل کر لیا۔
ایک اور میچ میں سری لنکا نے آئرلینڈ کو 106 رنز سے شکست دے کر سپر سکس مرحلے میں جگہ بنا لی۔
سری لنکا نے پہلے کھیلتے ہوئے 267 رنز بنائے، کپتان ویمتھ دنسرہ 95 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ چامیکا ہیناتیگالا نے نصف سنچری اسکور کی۔
جواب میں آئرلینڈ کی ٹیم 161 رنز پر آؤٹ ہو گئی، جہاں دلنیتھ سگیرہ اور راسِتھ نِمسارا نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 7 وکٹیں حاصل کیں۔
اس فتح کے ساتھ سری لنکا نے گروپ میں اپنی پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔