کراچی: چیئرمین پیپلز پارٹی نے 35ویں نیشنل گیمز کا افتتاح کر دیا

چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) بلاول بھٹو زرداری نے 35ویں نیشنل گیمز کا کراچی میں افتتاح کر دیا، اولمپک گولڈ میڈلسٹ ارشد ندیم نے اولمپیئن اصلاح الدین اور دیگر کے ساتھ مل کر قومی کھیلوں کی مشعل روشن کی۔

ڈان نیوز کے مطابق 35ویں نیشنل گیمز کی افتتاحی تقریب نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں سجی، جس میں ملک بھر سے آئے ہزاروں ایتھلیٹس سمیت آفیشلز سمیت سیاسی و سماجی رہنماؤں نے شرکت کی۔

قومی کھیلوں کے افتتاح کے حوالے سے سجی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ جو بچے میرے سامنے بیٹھے ہیں وہ کل ملک کے لیے میڈلز جیتیں گے، امید کرتا ہوں کہ سب مل کر نیشنل گیمز کو کامیاب بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارا مستقبل ہیں کھیلوں میں بھرپور حصہ لیں، نیشنل گیمز کی کامیاب میزبانی پر سب کو مبارکباد پیش کرتاہوں، فخر کی بات ہے کہ 18سال بعد کراچی میں نیشنل گیمز منعقد ہو رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ کراچی کے 24 مقامات پر 32 کھیلوں کے مقابلے منعقد ہو رہے ہیں، یہاں پاکستان کے تمام صوبوں اور علاقوں کی خوبصورتی جھلک رہی ہے، یہ ہمارا میگا ایونٹ ہے۔

وزیراعلیٰ سندھ کا مزید کہنا تھا کہ ملک بھر سے آئے ہوئے تمام کھلاڑیوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، آپ سب نے اس مقام تک پہنچنے میں بے پناہ محنت کی ہوگی، یہ نہ صرف سندھ حکومت بلکہ صوبے کے تمام لوگوں کے لیے باعثِ فخر ہے۔

مراد علی شاہ نے مزید کہا کہ نیشنل گیمز 2 دہائیوں کے طویل وقفہ کے بعد دوبارہ کراچی میں منعقد ہوئے، ہم 35ویں نیشنل گیمز کو یادگار لمحے میں بدل دیں گے۔

Leave a Reply