شہر قائد دوبارہ بھتہ خوروں کے نرغے میں، لیاری گینگ کے تین کارندے گرفتار

کراچی: شہر قائد دوبارہ بھتہ خوروں کے نرغے میں، سندھ پولیس نے لیاری گینگ  کے تین کارندے گرفتار کرلیے۔

بول نیوز کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ (ایس آئی یو) اور سی آئی اے پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے لیاری گینگ کے شکیل بادشاہ گروہ کے تین اہم کارندوں کو گرفتار کر لیا۔

ایس ایس پی ایس آئی یو امجد شیخ کے مطابق ملزمان کو نارتھ کراچی کے صنعتی علاقے سے حکمتِ عملی کے تحت کارروائی کے دوران پکڑا گیا۔

پولیس کے مطابق ملزمان نے گرفتاری سے بچنے کے لیے فائرنگ بھی کی، تاہم جوابی کارروائی میں انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ ملزمان کے قبضے سے تین 9 ایم ایم پستول اور متعدد گولیاں برآمد ہوئیں۔

ابتدائی تفتیش میں انکشاف ہوا ہے کہ گروہ جائیداد، زمین اور گھروں کی خرید و فروخت کرنے والے شہریوں سے بھتہ طلب کرتا تھا۔ ملزمان خود کو پراپرٹی ایجنٹ ظاہر کر کے مالکان کی تفصیلات حاصل کرتے اور بعد ازاں غیر ملکی نمبروں سے دھمکی آمیز کالز اور بھتے کے مطالبات کرتے تھے۔

امجد شیخ کے مطابق گروہ کا سرغنہ اب تک مختلف شہریوں سے لاکھوں روپے بھتہ طلب کر چکا ہے۔ ریکی کرنے والے کارندوں کو 90 ہزار سے دو لاکھ روپے تک کی رقم دی جاتی تھی، جو جاز کیش اکاؤنٹس کے ذریعے منتقل کی جاتی تھی۔

گرفتار ملزمان کی شناخت تنویر، شکیل اور وقاص کے نام سے ہوئی ہے۔ تینوں ملزمان کار لفٹنگ، پولیس پر فائرنگ اور غیر قانونی اسلحہ رکھنے کے مقدمات میں بھی ملوث ہیں۔ ایس آئی یو نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر کے مزید انویسٹی گیشن شروع کر دی ہے۔

Leave a Reply