دوحہ پہنچنے پر وزیراعظم کا شاندار استقبال، چاک و چوبند دستے کی سلامی
دورے کے دوران وزیرِاعظم امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آلثانی سے دو طرفہ ملاقات کریں گے
وزیرِاعظم محمد شہباز شریف اپنے سہ ملکی دورے کے دوسرے مرحلے میں قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچ گئے جہاں قطر کے وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور سلطان بن سعد المریخی نے وزیرِاعظم اور پاکستانی وفد کا پر تپاک استقبال کیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم و پاکستانی وفد کو قطری مسلح افواج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی بھی دی۔
وزیرِاعظم اور پاکستانی وفد کی آمد پر دوحہ ائیرپورٹ اور دوحہ شہر کو پاکستانی پرچموں سے سجایا گیا۔
دورے کے دوران وزیرِاعظم امیر قطر عزت مآب شیخ تمیم بن حمد آلثانی سے دو طرفہ ملاقات کریں گے اور پاکستانی کی خطے و عالمی امن کیلئے جاری کوششوں پر بھی تبادلہ خیال ہوگا۔
نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور وزیرِ اعظم کے ترجمان برائے بین الاقوامی میڈیا مشرف زیدی بھی وزیرِ اعظم کے ہمراہ تھے۔