اسلام آباد: وفاقی حکومت نے ملک بھر میں پیٹرولیم مصنوعات کی شفاف تقسیم اور مانیٹرنگ کے لیے ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم نافذ کرنے کی تجویز پیش کر دی ہے جس کے تحت پیٹرول پمپس اور صارفین کے لیے ایک مربوط ڈیجیٹل نظام متعارف کرایا جائے گا۔
ذرائع کے مطابق اس منصوبے کے تحت ملک کے تقریباً 12 ہزار پیٹرول پمپس کے لیے 24 ہزار موبائل ڈیوائسز خرید لی گئی ہیں جب کہ فیول پارکنگ ایپ کو آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے ڈیجیٹل سسٹم سے منسلک کر دیا گیا ہے۔
اس نئے نظام کے تحت درآمد اور مقامی سطح پر دستیاب پیٹرولیم مصنوعات کی خرید و فروخت اسی ڈیجیٹل ایپ کے ذریعے کی جائے گی جس سے نہ صرف سپلائی چین کو مؤثر بنایا جا سکے گا بلکہ غیر قانونی ذخیرہ اندوزی اور اسمگلنگ کی روک تھام میں بھی مدد ملے گی۔
ڈیجیٹل فیول مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے پیٹرولیم مصنوعات کے اسٹاک، ترسیل اور فروخت کی مکمل نگرانی ممکن ہوگی جس سے شفافیت میں اضافہ متوقع ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پیٹرول پمپس کے عملے کو اس سسٹم اور موبائل ایپ کے استعمال کی تربیت دی جا رہی ہے۔ اس سلسلے میں وزارتِ آئی ٹی، نیشنل انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ (این آئی ٹی بی) اور اوگرا مشترکہ طور پر تربیتی عمل میں شریک ہیں جبکہ وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے رضاکار بھی اس عمل میں حصہ لے رہے ہیں۔
سسٹم کے لیے این آئی ٹی بی اور پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) سے منظور شدہ موبائل ہینڈ سیٹس استعمال کیے جائیں گے جو اوگرا کے ذریعے آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کے حوالے کیے جا چکے ہیں۔
حکومت کی جانب سے شہریوں کے لیے ذاتی گاڑیوں پر پیٹرول کا کوٹہ مقرر کرنے کی تجویز بھی زیر غور ہے جسے پاکستان ڈیجیٹل اتھارٹی کی تیار کردہ موبائل ایپ کے ذریعے نافذ کیا جائے گا تاہم اس نظام کے تحت کسی بھی فرد کو مقررہ کوٹہ سے زیادہ پٹرول خریدنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق فیول مینجمنٹ ایپ کی ٹیسٹنگ مکمل کی جا چکی ہے اور جلد ہی ملک بھر کے پیٹرول پمپس پر اس ڈیجیٹل نظام کو نافذ کیے جانے کا امکان ہے۔