کراچی کے گل پلازہ میں آتشزدگی کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات بھی خاموش نہ رہیں۔
سانحہ گل پلازہ میں اب تک 28 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوچکی ہے جبکہ متعدد افراد تاحال لاپتہ ہیں۔
اس افسوسناک واقعے پر جہاں پوری قوم سوگوار ہے، وہیں شوبز ستاروں نے بھی سوشل میڈیا پر اپنے دکھ، غم اور تشویش کا اظہار کیا ہے۔
اداکارہ منال خان، ہانیہ عامر، سجل علی، یشمہ گل، ایمن خان اور گلوکار سمر جعفری سمیت دیگر شوبز شخصیات نے متاثرین کے غم میں شریک ہوتے ہوئے تعزیتی پیغامات جاری کیے۔
اداکارہ ماہرہ خان نے انسٹاگرام اسٹوری میں سانحہ گل پلازہ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ واقعے کی ویڈیوز دیکھ کر شدید غصہ اور بے بسی محسوس ہو رہی ہے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ آیا یہ محض ایک حادثہ ہے یا پھر کسی کی بے حسی کا نتیجہ۔
ماہرہ خان نے زخمیوں کی جلد صحت یابی اور جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے صبر کی دعا بھی کی۔
دوسری جانب اداکارہ اور ماڈل نادیہ حسین نے بھی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس ہولناک سانحے نے کراچی کے شہریوں کو غم، مایوسی اور صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔
انہوں نے سوال کیا کہ آگ کو بروقت کیوں نہ بجھایا جا سکا، فائر فائٹرز کی گاڑیاں کہاں تھیں اور آگ 24 گھنٹے سے زائد کیوں جلتی رہی، جس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ساتھ ساتھ کروڑوں روپے کا نقصان ہوا۔
اداکارہ سحر خان نے بھی انسٹاگرام اسٹوری کے ذریعے واقعے پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے سندھ حکومت اور میئر کراچی مرتضیٰ وہاب سے فوری مداخلت اور متاثرین کے نقصانات کے ازالے کا مطالبہ کیا۔
انہوں نے ریسکیو آپریشن کے دوران جان کی بازی ہارنے والے ریسکیو 1122 کے اہلکار کو خراجِ عقیدت بھی پیش کیا۔
اداکارہ منال خان نے بھی سانحے پر افسوس کا اظہار کیا جبکہ اداکارہ ہانیہ عامر نے انسٹاگرام اسٹوری پر ایک جذباتی پیغام میں واقعے کو دل دہلا دینے والا قرار دیتے ہوئے غفلت اور حفاظتی اقدامات پر سوال اٹھائے۔
ہانیہ عامر کا کہنا تھا کہ گل پلازہ میں قیمتی انسانی جانوں کا جو نقصان ہوا، وہ کسی صورت قابلِ قبول نہیں۔