لیجنڈری کرکٹر ویوین رچرڈز آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ پر برس پڑے
اگر بروقت بڑے فیصلے نہ کیے گئے تو کرکٹ دو حصوں میں تقسیم ہو سکتی ہے، ویوین رچرڈز
ویسٹ انڈیز کے لیجنڈری کرکٹر اور پاکستان سپر لیگ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے ہیڈ کوچ سر ویوین رچرڈز نے آئی سی سی اور بھارتی کرکٹ بورڈ پر کھل کر تنقید کرتے ہوئے کرکٹ کے مستقبل پر سنگین خدشات کا اظہار کر دیا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ انہوں نے اپنے شاندار کیریئر میں کبھی اتنا متنازع ورلڈ کپ نہیں دیکھا جتنا موجودہ حالات میں دکھائی دے رہا ہے۔
سر ویوین رچرڈز نے کہا کہ بھارت کبھی عالمی کرکٹ کے لیے ایک مثالی ملک سمجھا جاتا تھا، مگر اب حالات اس کے برعکس نظر آ رہے ہیں۔ ان کے مطابق پاکستان اور بنگلہ دیش کے بعد دیگر ٹیمیں بھی بھارت کا دورہ کرنے سے ہچکچا رہی ہیں، جو عالمی کرکٹ کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔
لیجنڈری کرکٹر نے زور دیا کہ آئی سی سی کو کرکٹ ورلڈ کپ ایسے ملک میں منعقد کرنا چاہیے جو تمام شریک ممالک کو بلا کسی اعتراض کے قابلِ قبول ہو۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر آئی سی سی نے کرکٹ کو بچانا ہے تو سیاست سے پاک، غیر متنازع فیصلے ناگزیر ہیں۔
سر رچرڈز نے خبردار کیا کہ اگر بروقت بڑے فیصلے نہ کیے گئے تو کرکٹ دو حصوں میں تقسیم ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کے موقف کی حمایت کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں ان کی ٹیم کے لیے سیکیورٹی خدشات کو نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔
پاکستان کے بارے میں بات کرتے ہوئے سر ویوین رچرڈز نے کھل کر تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ وہ طویل عرصے سے پی ایس ایل کے لیے پاکستان آ رہے ہیں، جہاں کرکٹ سے سچی محبت کی جاتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں باہر سے آنے والوں کو اپنا سمجھ کر عزت دی جاتی ہے، یہی خلوص مجھے بار بار یہاں کھینچ لاتا ہے۔