شعیب ملک کا پاکستان سپرلیگ سے بطور کھلاڑی ریٹائرمنٹ کا اعلان
پی ایس ایل میں گذشتہ دس سال کا سفر اعزازات، مواقع اور یادوں سے بھرپور رہا، شعیب ملک
پاکستان کے سینئر کرکٹر شعیب ملک نے پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں بطور کھلاڑی اپنے شاندار سفر کے اختتام کا اعلان کر دیا ہے۔
شعیب ملک نے اس حوالے سے سوشل میڈیا پر ایک پیغام جاری کیا جس میں انہوں نے پی ایس ایل کے ہر لمحے کو یادگار قرار دیا۔
اپنے پیغام میں شعیب ملک نے بتایا کہ پی ایس ایل میں گذشتہ دس سال کا سفر اعزازات، مواقع اور یادوں سے بھرپور رہا۔ میدان کے اندر اور باہر بننے والی دوستیاں ہمیشہ ان کے دل میں زندہ رہیں گی۔
شعیب ملک نے بطور کھلاڑی پی ایس ایل کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ساتھ ہی انہوں نے مستقبل میں بھی کرکٹ کی خدمت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ کرکٹ کے لیے ان کا جذبہ ہمیشہ برقرار رہے گا اور وہ کھیل سے وابستہ رہیں گے۔
انہوں نے پاکستان سپر لیگ کے منتظمین، ٹیموں اور ساتھی کھلاڑیوں کا شکریہ ادا کیا کہ جنہوں نے انہیں مواقع، عزت اور یادیں دینے میں حصہ لیا۔
شعیب ملک کے اس اعلان پر کرکٹ شائقین اور ساتھی کھلاڑیوں کی جانب سے ان کے کریئر اور خدمات کی جارہی ہے اور انہیں کرکٹ میں نمایاں کردار ادا کرنے پر خراجِ تحسین بھی پیش کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ پی ایس ایل میں شعیب ملک کا شمار تجربہ کار اور نمایاں کھلاڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے لیگ کو مقبول بنانے اور نوجوان کھلاڑیوں کی رہنمائی میں اہم کردار ادا کیا۔