2026 ورلڈ کپ کا جنون عروج پر: فیفا کو 50 کروڑ سے زائد ریکارڈ ٹکٹ درخواستیں موصول
پہلی بار گروپ مرحلے کے مخصوص میچز اور ٹیموں کے لیے انفرادی ٹکٹ پیش کیے گئے
فٹبال کی عالمی تنظیم فیفا نے تصدیق کی ہے کہ 2026 کے فیفا ورلڈ کپ کے لیے ٹکٹوں کی حالیہ فروخت کے مرحلے میں دنیا بھر سے 50 کروڑ سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، جو فٹبال کی بے مثال مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔
یہ اعلان اس وقت سامنے آیا ہے جب شائقین کی جانب سے ٹکٹوں کی بلند قیمتوں پر شدید تنقید بھی کی جا رہی تھی۔
فیفا کے مطابق تین میزبان ممالک امریکا، میکسیکو اور کینیڈا کے بعد سب سے زیادہ ٹکٹ درخواستیں جرمنی سے موصول ہوئیں، جو یورپی شائقین کی غیر معمولی دلچسپی کو ظاہر کرتی ہیں۔
ٹکٹوں کی فروخت کا یہ مرحلہ 11 دسمبر سے منگل تک جاری رہا، جس میں پہلی بار گروپ مرحلے کے مخصوص میچز اور ٹیموں کے لیے انفرادی ٹکٹ پیش کیے گئے۔
فیفا نے واضح کیا ہے کہ اس مرحلے میں درخواست دینے والے شائقین کو قرعہ اندازی کے ذریعے منتخب کیا جائے گا، اور کامیاب درخواست دہندگان کو 5 فروری سے آگاہ کیا جانا شروع کیا جائے گا۔
جو شائقین اس مرحلے میں کامیاب نہیں ہو سکے، انہیں ورلڈ کپ کے اختتام تک جاری رہنے والے دوسرے مرحلے میں دوبارہ ٹکٹ خریدنے کا موقع ملے گا۔
فیفا کے صدر جیانی انفانٹینو نے اس غیر معمولی ردِعمل پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ’’صرف ایک ماہ سے کچھ زیادہ عرصے میں آدھا ارب ٹکٹ درخواستیں آنا محض مانگ نہیں بلکہ یہ فٹبال کے لیے ایک عالمی اعلان ہے۔‘‘
ٹکٹوں کی بلند قیمتوں کے خلاف عالمی سطح پر احتجاج کے بعد فیفا نے فروخت کے دوران ’’وفادار شائقین‘‘ کے لیے ایک نیا کم قیمت ٹکٹ زمرہ بھی متعارف کرایا، جسے ’’سپورٹر انٹری ٹئیر‘‘ کا نام دیا گیا۔
یہ زمرہ تمام 48 ٹیموں اور کینیڈا، میکسیکو اور امریکا میں ہونے والے تمام میچز پر لاگو ہوگا، جو 11 جون سے 19 جولائی تک کھیلے جائیں گے۔
تاہم فیفا نے تسلیم کیا ہے کہ کم قیمت ٹکٹوں کی تعداد محدود ہے۔ ہر میچ کے لیے کل ٹکٹوں کا صرف 8 فیصد حصہ متعلقہ ٹیم کے شائقین کے لیے مختص کیا گیا ہے، جس میں سے محض 10 فیصد ٹکٹ نئے کم قیمت زمرے کے تحت دستیاب ہوں گے۔
اس کے باوجود شائقین کا جوش و خروش ثابت کرتا ہے کہ 2026 کا ورلڈ کپ تاریخ کا سب سے بڑا اور مقبول فٹبال ایونٹ بننے جا رہا ہے۔