سینئر اداکار و کالم نگار نعیم طاہر نے بتایا کہ انہوں نے اپنی مرحومہ اہلیہ یاسمین طاہر کی قبر کے بالکل قریب اپنی قبر کے لیے بھی جگہ مخصوص کروا لی ہے، تاکہ ہمیشہ ان کے قریب رہ سکیں۔
نعیم طاہر نے حال ہی میں فاطمہ سیف کے پوڈکاسٹ میں شرکت کی، جہاں انہوں نے اپنی اہلیہ یاسمین طاہر کے ساتھ اپنے تعلقات اور ازدواجی زندگی کے بارے میں جذبات کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ وہ اپنی اہلیہ سے بے حد محبت کرتے تھے اور ان کے بغیر زندگی گزارنا ان کے لیے انتہائی مشکل ہے۔
نعیم طاہر کے مطابق جہاں ان کی اہلیہ مدفون ہیں، انہی کے بالکل قریب انہوں نے اپنے لیے بھی جگہ مخصوص کروا لی ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ انہیں ابھی تک محسوس نہیں ہوتا کہ یاسمین طاہر اس دنیا سے چلی گئی ہیں، کیونکہ اکثر ایسا لگتا ہے جیسے وہ ابھی بھی ان کے پاس ہیں اور بعض اوقات اچانک وہ انہیں آواز بھی دے دیتے ہیں۔
کامیاب ازدواجی زندگی کے حوالے سے نعیم طاہر کا کہنا تھا کہ برداشت اور دوسروں کی بات تحمل کے ساتھ سننے کی عادت پیدا کرنا بہت ضروری ہے۔
ان کے مطابق جب دونوں پارٹنرز ایک دوسرے کی بات تحمل کے ساتھ سنتے ہیں اور ایک دوسرے پر حاوی نہیں ہوتے تو رشتہ مضبوط اور کامیاب بنتا ہے۔
خیال رہے کہ نعیم طاہر کی اہلیہ یاسمین طاہر ریڈیو پاکستان کی معروف صداکارہ تھیں، جن کی مدھر آواز نے سامعین کو اپنا گرویدہ بنایا، دونوں کی شادی 1960 میں ہوئی تھی اور ان کے تین بیٹے ہیں۔
یاسمین طاہر رواں سال 19 جولائی کو 88 برس کی عمر میں انتقال کر گئیں۔
